• News
  • »
  • تعلیم و روزگار
  • »
  • پارلیمنٹ میں نیٹ پیپر لیک پر پھر ہنگامہ، راہل گاندھی نے تعلیمی نظام پر اٹھائے سوال

پارلیمنٹ میں نیٹ پیپر لیک پر پھر ہنگامہ، راہل گاندھی نے تعلیمی نظام پر اٹھائے سوال

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Jul 29, 2026 IST

پارلیمنٹ میں نیٹ پیپر لیک پر پھر ہنگامہ، راہل گاندھی نے تعلیمی نظام پر اٹھائے سوال
نیٹ پیپر لیک اور امتحانی نظام میں اصلاحات کے معاملے پر بدھ کو بھی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں شدید ہنگامہ دیکھنے کو ملا۔ حکومت اور اپوزیشن اپنے اپنے مؤقف پر قائم رہے، جس کے باعث لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی کارروائی بار بار متاثر ہوئی اور کئی مرتبہ ملتوی بھی کرنا پڑا۔ لوک سبھا کی کارروائی پہلے دوپہر 12 بجے تک ملتوی کی گئی، تاہم اجلاس دوبارہ شروع ہونے کے بعد بھی ایوان میں ہنگامہ جاری رہا، جس کے باعث کارروائی ایک بار پھر دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔ اپوزیشن نے طلبہ کے مسائل، پیپر لیک کے واقعات اور امتحانی نظام کی شفافیت کے معاملے پر حکومت کو مسلسل گھیرنے کی کوشش کی، جبکہ حکومت نے اپنے مؤقف کا دفاع کیا۔
 
راہل گاندھی نے تعلیمی نظام پر اٹھائے سوال
 
اینٹی پیپر لیک بل پر جاری بحث کے دوران لوک سبھا میں قائدِ حزب اختلاف راہل گاندھی نے تعلیمی نظام پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ملک میں تعلیم  مسلسل مہنگا ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت پورے تعلیمی بجٹ پر جتنا خرچ کرتی ہے، اس سے بھی زیادہ رقم ایک بڑے امتحان کے انعقاد پر خرچ ہو جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو طلبہ کے مفاد میں تعلیمی نظام کو زیادہ شفاف، قابلِ اعتماد اور سب کے لیے قابلِ رسائی بنانے کی ضرورت ہے۔ ادھر کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام لگایا کہ حکومت طلبہ کے تحفظات کا سنجیدگی سے جواب دینے میں ناکام رہی ہے۔
 
گورو گوگوئی نے وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی غیر موجودگی پر اٹھائے سوال
 
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ گورو گوگوئی نے ایوان میں اینٹی پیپر لیک بل پر جاری بحث کے دوران وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی عدم موجودگی پر شدید اعتراض کیا۔ گوگوئی نے کہاکہ جب اہم مسئلہ پر پارلیمنٹ میں بحث ہورہی ہے اور وزیراعظم اور وزیر داخلہ ہی موجود نہ ہوں تو اس کی کیا اہمیت رہ جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں کے سوالات کا جواب کون دے گا۔