Tuesday, October 14, 2025 | 22, 1447 ربيع الثاني
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • جوبلی ہلز ضمنی انتخاب کو لیکر سیاسی جماعتوں کی سرگرمیوں میں شدت

جوبلی ہلز ضمنی انتخاب کو لیکر سیاسی جماعتوں کی سرگرمیوں میں شدت

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Oct 14, 2025 IST

جوبلی ہلز ضمنی انتخاب کو لیکر سیاسی جماعتوں کی سرگرمیوں میں شدت
جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخابات کو لے کر سیاست گرم ہو گئی ہے۔ جیسے جیسے نامزدگی کا عمل زور پکڑ رہا ہے، بڑی پارٹیاں اپنی حکمت عملیوں کو تیز کر رہی ہیں۔ اس سلسلہ میں بی آر ایس پارٹی جو اپنی نشست برقرار رکھنے کے مقصد سے میدان میں اتری ہے ، ایک جدید منصوبہ بندی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ بی آر ایس کی امیدوار ایم  سنیتا نے بغیر کسی دھوم دھام اور انتہائی معمولی انداز میں اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایم  سنیتا کل صبح 11 بجے سے دوپہر 1 بجے کے درمیان اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گی۔ بتایا جاتا ہے کہ پارٹی اس تقریب میں صرف چار اہم لیڈروں کے ساتھ جانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
 
کے ٹی آر اور ہریش راؤ کا ضمنی انتخابات  کے لیے  منصوبہ:
 
 تاہم بی آر ایس نے نامزدگی کو معمولی طور پر مکمل کرنے کے بعد انتخابی مہم کو تیز کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اسی کے تحت اس ماہ کی 19 تاریخ کو حلقہ میں ایک بڑا جلسہ منعقد کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔بی آر ایس نے اس ضمنی انتخاب کو اپنے وقار کا مسئلہ بنالیاہے۔ سابق وزراء کے ٹی آر اور ہریش راؤ اب مسلسل جوبلی ہلز میں ہی قیام کریں گے اور مہم کی نگرانی کریں گے۔ ہریش راو اور کے ٹی آر پہلے ہی جائزہ اور میٹنگز کے ذریعے پارٹی صفوں کو میدانی سطح پر متحرک کر رہے ہیں۔دوسری طرف کانگریس اور بی جے پی بھی جیت کیلئے اپنے اپنے انداز میں حکمت عملی بنا رہے ہیں۔ پیر سے شروع ہونے والا نامزدگی کا عمل رواں ماہ کی 21 تاریخ تک جاری رہے گا۔ پہلے روز 10 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 22 تاریخ کو ہوگی اور واپسی کی آخری تاریخ 24 تاریخ کو ہوگی۔ پولنگ 11 نومبر کو ہوگی جبکہ نتائج کا اعلان 14 نومبر کو کیا جائے گا۔
 
 کانگریس اور بی آرایس میں کانٹے کا مقابلہ :
 
 حیدرآباد کے  جوبلی ہلز ضمنی انتخابات  کی نمائندگی کرنےوالے  گوپی ناتھ کی موت کےبعد اس حلقہ میں  ضمنی انتخابات  نا گزیر ہوچکےہیں۔ گوپی ناتھ بی آرایس  کے ٹکٹ پر منتخب ہو ئے تھے۔ بی آرایس نے گوپی ناتھ کی  اہلیہ کو  پارٹی ٹکٹ دیا ہے۔ کانگریس نے ضمنی انتخابات  کےلئے نوین کمار  یادو کو انتخابی میدان میں اتارا ہے۔ بی جےپی اور دیگر پارٹیوں نے ابھی تک اپنے امیدوار کا اعلان نہیں کیا ہے۔ بی آر ایس اور کانگریس کےدرمیان اہم مقابلہ  مانا جا رہا ہے۔ شہر حیدرآباد میں کانگریس کا   ایک بھی رکن  اسمبلی نہیں ہے۔ کانگریس اس حلقہ  پر کامیابی کے لئے  اپنا زور لگا رہی ہے۔ وہیں بی آر ایس اس حلقہ پر اپنا قبضہ  برقرار رکھنے کےلئے سخت محنت کر رہی ہے۔
 
 ریاستوں میں ضمنی انتخابات :
 
الیکشن کمیشن نے سات ریاستوں کی آٹھ اسمبلی سیٹوں کے ضمنی انتخابات کے لیے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ یہ اسمبلی حلقے جموں و کشمیر کے بڈگام اور نگروٹہ، راجستھان میں انت، جھارکھنڈ میں گھاٹسیلا، تلنگانہ میں جوبلی ہلز، پنجاب میں ترن تارن، میزورم میں ڈمپا اور اڈیشہ میں نواپڈا ہیں۔ جموں و کشمیر اور اڈیشہ کے لیے نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ اس مہینے کی 20 تاریخ ہے اور جھارکھنڈ، میزورم پنجاب، تلنگانہ اور راجستھان کے لیے اس مہینے کی 21 تاریخ ہے۔ ان اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخاب 11 نومبر کو ہوگا اور ووٹوں کی گنتی 14 نومبر کو ہوگی۔