Wednesday, March 12, 2025 | 12, 1446 رمضان
  • News
  • »
  • کاروبار
  • »
  • ہولی اور رمضان کی وجہ سے دہلی میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ،عام لوگ بھی پریشان

ہولی اور رمضان کی وجہ سے دہلی میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ،عام لوگ بھی پریشان

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Mar 08, 2025 IST     

image
مہاشیوراتری کے بعد اب رمضان کے مقدس مہینے میں دارالحکومت دہلی کے بازاروں میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ رمضان المبارک کے دوران افطار اور سحری کے لیے درکار اشیائے خوردونوش مہنگی ہو گئی ہیں جس سے عام لوگوں کی جیبیں متاثر ہو رہی ہیں۔ سیب، کیلا، انگور، تربوز،سپوتا، خربوزہ، چکو اور کھجور جیسی چیزیں اب لوگوں کی پہنچ سے باہر ہوتی جارہی ہیں، جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
 
مہاشیو راتری کے تہوار کے بعد آنے والے رمضان میں ہر سال پھلوں اور سبزیوں کی مانگ بڑھ جاتی ہے لیکن اس بار مہنگائی نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ دارالحکومت کی بڑی مارکیٹوں میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں زبردست اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ جس سے روزہ داروں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔
 
 

دہلی کے بڑے بازاروں میں قیمتیں قابو سے باہر ہیں۔ 

 
 
 
 
 
 
دہلی کے قرول باغ، راجندر نگر، پٹیل نگر، موتی نگر، تلک نگر، لاجپت نگر،شادی پور، اتم نگر اور مضافاتی دوارکا میں پھلوں کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ سیب 200 روپے فی کلو، کیلا 80 سے 100 روپے فی درجن، امرود 150 روپے فی کلو اور انگور 120 سے 160 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہو رہے ہیں۔
 
دہلی میں خریداری کے لیے آنے والے لوگوں کا کہنا ہے کہ جو پھل پہلے کلو میں خریدے جاتے تھے، اب وہ آدھے کلو یا 250 گرام میں خریدے جا رہے ہیں۔ پہلے اچھے پھل خریدنے کے لیے جتنی رقم کی درکار ہوتی تھی، اب اس رقم میں آدھے پھل بھی دستیاب نہیں ہیں۔راجدھانی دہلی میں گرمی بڑھنے کے ساتھ ہی آزاد پور، کیشو پور، نجف گڑھ اور غازی پور منڈی میں پھلوں اور سبزیوں کی سپلائی کم ہونے لگتی ہے، جس کی وجہ سے قیمتیں تیزی سے بڑھنے لگتی ہیں۔
 
اگر پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں کی پہلے اور اب کی بات کریں تو ان کی قیمتوں میں زبردست اچھل نظر آرہا ہے۔
 

پھلوں کی قیمت

 
جہاں گزشتہ ماہ تک سیب 120 سے 150 روپے فی کلو فروخت ہو رہا تھا، وہیں آج عوام کو 200 روپے فی کلو کے حساب سے خریدنا پڑ رہا ہے۔ اسی طرح انار 120 روپے سے بڑھ کر 230 روپے، امرود 80 روپے سے بڑھ کر 120 روپے، تربوز 30 روپے سے بڑھ کر 60 روپے، پپیتا 40 روپے سے بڑھ کر 70 روپے اور انگور 80 سے 100 روپے فی کلو سے بڑھ کر 120-160 روپے فی کلو ہو گئے۔
 

سبزیوں کی موجودہ قیمت

 
پھول گوبھی جو گزشتہ ماہ تک 10 سے 20 روپے فی کلو فروخت ہوتی تھی آج 30 سے ​​40 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔ دوسری جانب شملہ مرچ 30 سے ​​40 روپے کی بجائے 50 سے 60 روپے، لیڈی فنگر 40 سے 50 روپے کی بجائے 80 سے 100 روپے، کریلا 30 سے ​​40 روپے کی بجائے 60 سے 70 روپے اور پیاز 30 روپے کی بجائے 40 سے 60 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔