Thursday, October 09, 2025 | 17, 1447 ربيع الثاني
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • ہماچل پردیش میں نجی بس لینڈ سلائیڈنگ کا شکار۔ حادثہ میں 18 ہلاک

ہماچل پردیش میں نجی بس لینڈ سلائیڈنگ کا شکار۔ حادثہ میں 18 ہلاک

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Oct 07, 2025 IST

 ہماچل پردیش میں نجی بس لینڈ سلائیڈنگ کا شکار۔ حادثہ میں 18 ہلاک
ہماچل پردیش کے بلاس پور ضلع کے بارتھی میں آج (منگل) شام کو ایک نجی بس مٹی کے تودے کی زد میں آگئی۔ حادثے میں کم از کم 18 افراد ہلاک ہو گئے۔ اس کے علاوہ 10 کے قریب افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ اس واقعے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی کے دفتر نے ہر مرنے والے کے لواحقین کو 2 لاکھ روپے ایکس گریشیا کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ زخمیوں کے لیے 50 ہزار روپے معاوضہ  کا بھی اعلان کیا  ہے۔
 
مقامی انتظامیہ راحت اور بچاؤ کاموں کے لیے موقع پر پہنچ گئی ہے۔ متاثرین کو بچانے کے لیے ملبہ ہٹایا جا رہا ہے۔یہ حادثہ بارتھی کے قریب بھالو میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے پیش آیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ بس میں 25 سے 30 مسافر سوار تھے۔ ملبہ اور  بس کی چھت پر پتھر گرنے سے بس مکمل طور پر کچل گئی۔
 
صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نےغم کا اظہار کیا۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں صدر دروپدی مرمو نے اس واقعہ پر غم کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ "ہماچل پردیش کے بلاس پور میں لینڈ سلائیڈنگ بس حادثے میں جانی نقصان کی خبر گہرے دکھ کی بات ہے۔ میں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتی ہوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتی ہوں۔"
 
پی ایم مودی کا بیان
 پی ایم نے  سوشل میڈیا پر  کہا کہ وہ ہماچل پردیش کے بلاس پور میں ہونے والے حادثے کی وجہ سے جانی نقصان پر غمزدہ ہیں ۔  اس مشکل وقت میں متاثرہ افراد اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔  انھوں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ PMNRF کی طرف سے ہر مرنے والے کے لواحقین کو 2 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ زخمیوں کو ایک لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
 
جے پی نڈا نے ہماچل بس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔
ایک بیان میں بی جے پی کے قومی صدر جگت پرکاش نڈا، ریاستی صدر راجیو بندل، سابق سی ایم پروفیسر پریم کمار دھومل، ایم پی انوراگ ٹھاکر اور ایم پی کنگنا رناوت نے اس واقعہ پر غم کا اظہار کیا ہے۔
 
امت شاہ نے ہماچل پردیش بس حادثے کے بعد غم کا اظہار کیا۔
ہماچل پردیش کے بس حادثے کے بعد ایک بیان میں وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا، "ہماچل پردیش کے بلاس پور میں لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے بس حادثے سے مجھے بہت دکھ ہوا ہے۔ این ڈی آر ایف کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہیں اور بچاؤ کے کاموں میں مصروف ہیں۔ میں ان لوگوں کے تئیں تعزیت کا اظہار کرتا ہوں جنہوں نے اس حادثے میں اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔ ساتھ ہی میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتا ہوں۔"
 
 
ہماچل پردیش کے وزیر اعلی نے واقعہ کے بعد بیان جاری کیا۔
ہماچل پردیش کے سی ایم سکھویندر سنگھ سکھو نے بس حادثے کے بعد ایکس کے ذریعے ایک بیان جاری کیا۔اپنے بیان میں وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔بلاس پور ضلع کے جھنڈوٹا اسمبلی حلقہ میں بلوگھاٹ (بھلو پل) کے قریب ایک بڑے لینڈ سلائیڈنگ کی خبر نے مجھے بہت ہلا کر رکھ دیا ہے۔
 
افسوسناک خبر موصول ہوئی ہے کہ اس بڑے لینڈ سلائیڈنگ سے ایک نجی بس کی زد میں آنے سے 10 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں اور متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ ریسکیو آپریشن جنگی بنیادوں پر جاری ہے۔ حکام کو مکمل مشینری تعینات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ میں مقامی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہوں اور پورے ریسکیو آپریشن کے بارے میں لمحہ بہ لمحہ اپ ڈیٹس حاصل کر رہا ہوں۔ بھگوان مرحوم کی روح کو سکون عطا فرمائے اور سوگوار خاندانوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ میں اس مشکل وقت میں تمام متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑا ہوں۔
 
ہماچل کے ڈپٹی سی ایم اگنی ہوتری نے غم کا اظہار کیا۔
ہماچل پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ مکیش اگنی ہوتری نے اور اپوزیشن لیڈر جئے رام ٹھاکر نے بس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے  مہلوکین  کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے بھگوان سے مہلوکین  کی روح کے  پراتھنا کی ۔مکیش نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک واقعہ پوری ریاست کے لیے تکلیف دہ ہے۔ ریاستی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔ ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔