پنجاب کے فتح گڑھ صاحب ضلع میں اتوار کی صبح ایک دردناک سڑک حادثے میں تین کانوڑیاتریوں کی موت ہوگئی، جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔ حادثہ سرہند جی ٹی روڈ پر دادا موٹرز کے قریب پیش آیا۔ رپورٹ کے مطابق حادثہ رات تقریباً 2:15 بجے اس وقت ہوا جب کوٹ کپورہ سے تعلق رکھنے والے چھ کانوڑ یاتریوں کا ایک گروپ اتراکھنڈ کے گنگوتری سے مقدس پانی لے کر اپنے گھر واپس جا رہا تھا۔
بتایا گیا ہے کہ کانوڑیاتری قومی شاہراہ پر پیدل چل رہے تھے۔ اسی دوران ایک تیز رفتار گاڑی نے مبینہ طور پر پیچھے سے ان میں سے چار افراد کو ٹکر مار دی۔ حادثے میں تین افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جبکہ مکیش کمار نامی ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی کو فوری طور پر فتح گڑھ صاحب کے سول اسپتال پہنچایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے تین افراد کو مردہ قرار دے دیا۔
حادثے میں مرنے والوں کی شناخت 43 سالہ مہندر پال عرف گگن، 42 سالہ دیپک کمار اور 40 سالہ جگدیش متل عرف کالو کے طور پر ہوئی ہے۔ تینوں کا تعلق کوٹ کپورہ سے تھا۔ سرہند پولیس اسٹیشن کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر تلک راج نے بتایا کہ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس نے اس معاملے میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق حادثے کے بعد گاڑی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے گاڑی کی نمبر پلیٹ حاصل کرلی ہے اور اب گاڑی اور اس کے ڈرائیور کی تلاش کی جا رہی ہے۔ حادثے کے بعد دیگر کانوڑیاتری اور مقامی لوگوں نے موقع پر احتجاج بھی کیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔