بہار میں راہول گاندھی کی ووٹر ادھیکار یاترا کا آج آخری دن ہے۔ اس سلسلہ میں آر جے ڈی کے سینئر لیڈر اور ایم پی منوج جھا نے کہاکہ تیجسوی یادو اور راہول گاندھی کی قیادت میں جاری سفر کے اثرات کو واضح طورپر دیکھا جاسکتاہے۔ منوج جھا نے کہاکہ یاترا اب تیجسوی یادو اور راہول گاندھی تک محدود نہیں رہی بلکہ یہ اب بہار کے لوگوں کے دل میں اتر گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ یاترا این ڈی اے کی گھبراہٹ اور پریشانی کا سبب بن گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ووٹر ادھیکار یاترا اب صرف بہار میں ہی نہیں بلکہ بہار سے باہر پورے ملک میں اثر دکھارہے ہی۔
بہار میں آزادی سے لے کر 1990 تک کانگریس کا غلبہ تھا، لیکن سیاست نے ایسا موڑ لیا کہ پوری سیاست ہی بدل گئی۔ اقتدار سے باہر ہونے کی وجہ سے کانگریس کمزور ہوتی چلی گئی۔ بہار میں کانگریس کی حالت پچھلے تین لوک سبھا انتخابات اور اسمبلی انتخابات کے نتائج سے سمجھی جا سکتی ہے۔
بہار میں کانگریس 20 سال سے 10 فیصد ووٹ بھی حاصل نہیں کر پائی ہے۔ اگر ہم گزشتہ تین اسمبلی انتخابات کے نتائج اور ووٹ شیئر پر نظر ڈالیں تو بہار میں کانگریس جدوجہد کرتی دکھائی دے رہی ہے۔ 2010 کے انتخابات میں کانگریس صرف 4 سیٹوں پر رہ گئی تھی اور ووٹ شیئر 8.37 فیصد تھا۔ 2015 کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے 41 سیٹوں پر الیکشن لڑا اور 27 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی، لیکن ووٹ شیئر گھٹ کر 6.66 فیصد رہ گیا۔ اس کے بعد 2020 کے انتخابات میں کانگریس کا ووٹ شیئر 9.48 فیصد تک پہنچ گیا، لیکن صرف 19 ایم ایل اے جیت سکے۔ اس طرح کانگریس 10 فیصد ووٹوں تک نہیں پہنچ سکی۔
دوسری طرف اگر ہم گزشتہ تین لوک سبھا انتخابات کی بات کریں تو بہار میں کانگریس کچھ خاص نہیں کر سکی۔ 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس نے بہار میں 2 سیٹیں جیتی تھیں اور ووٹ شیئر 8.6 فیصد تھا۔ 2019 میں کانگریس صرف 1 سیٹ پر رہ گئی اور ووٹ شیئر گھٹ کر 7.9 فیصد رہ گیا۔ راہل گاندھی کی 'بھارت جوڑو یاترا' کے بعد بھی بہار میں کانگریس کا کوئی خاص اثر نہیں ہوا۔ 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں 3 سیٹیں جیتی گئی تھیں اور ووٹ شیئر 9.4 فیصد تھا۔ اس طرح سے کانگریس بہار میں اپنے سیاسی وجود کو بچانے کے لیے آر جے ڈی کی ہینگر آن بنی رہی۔
راہل گاندھی نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے بعد بہار میں کانگریس کی حالت کو سمجھ لیا تھا، جب انہیں صرف 3 سیٹیں ملی تھیں۔ راہل نے تب سے سیاسی مشقیں شروع کر دی تھیں اور خود ایک کے بعد ایک دورے کرنے لگے تھے۔ راہل نے آر جے ڈی کے ساتھ اتحاد برقرار رکھتے ہوئے کانگریس کو مضبوط کرنے کا منصوبہ بنایا تاکہ ریاست خود انحصاری بن سکے۔