کانگریس ایم پی اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی گجرات کے دو روزہ دورہ پر ہیں۔ ان کے دورے کے دوران پارٹی کی تنظیم کو مضبوط بنانے اور اس کے ڈھانچے کو بحال کرنے کے مقصد سے ایک پائلٹ پروجیکٹ شروع کیے جانے کا امکان ہے۔ راہول گاندھی آج اراولی پہنچیں گے جہاں وہ پارٹی کارکنوں سے خطاب کریں گے اور پائلٹ پروجیکٹ کا باضابطہ آغاز کریں گے۔ اگر یہ پروجیکٹ گجرات میں کامیاب ثابت ہوتا ہے تو اسے دیگر ریاستوں میں بھی لاگو کیا جائے گا۔کانگریس گجرات میں تین دہائیوں سے اقتدار سے باہر ہے اور راہول گاندھی عوامی حمایت دوبارہ حاصل کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
اس سلسلہ میں وہ آج اراویلی کا دورہ کریں گے۔ راہول گاندھی کا ماننا ہے کہ کانگریس کو ضلع اور بلاک کی سطح سے مضبوط کرنا بہت ضروری ہے۔یاد رہے کہ راہول گاندھی نے کل احمد آباد میں ایک اہم میٹنگ میں شرکت کی تھی جہاں اے آئی سی سی کے 183 مبصرین بھی موجود تھے۔ ۔ ان مبصرین کا تقرر 12 اپریل کو کیاگیاتھا۔ کانگریس گجرات کے تمام اضلاع میں نئے ضلعی صدور کا تقرر کرے گی اور اس عمل کی نگرانی مبصرین کریں گے۔
تحقیقاتی ایجنسیوں کا سیاست میں کیا جا رہا ہے استعمال:کانگریس لیڈر
کانگریس لیڈر پراتل لونڈے پاٹل نے ای ڈی کی جانب سے نیشنل ہیرالڈ کیس میں کانگریس قائدین سونیا گاندھی ۔راہول گاندھی اور دیگر کے خلاف کاروائی پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہاکہ یہ ایک اور بڑی مثال ہے کہ تحقیقاتی ایجنسیوں کو سیاست میں کس طرح استعمال کیا جاتا ہے۔ ہم بار بار کہہ رہے ہیں کہ ایک پیسے کا سودا نہیں ہوا۔ پراتل پانڈے نے کہاکہ کسی کو کوئی اعزازیہ نہیں ملتا، کوئی ایک انچ زمین بھی نہیں لے سکتا۔ کانگریس لیڈر نے کہاکہ مودی اور امیت شاہ کے اشاروں پر یہ کاروائی ہورہی ہے۔ یہ جمہوریت کیلئے اور ملک کے مستقبل کیلئے خطرناک قسم کا کام ہے۔انہوں نے کہاکہ ایسی جھوٹی کاروائیوں سے کانگریس لیڈر اور کارکن ڈرنے گھبرانے والے نہیں ہیں۔