گجرات اسمبلی انتخابات 2027 میں ہوں گے تاہم کانگریس نے اس کیلئے ابھی سے تیاریووں کا آغاز کردیاہے۔ پارٹی کے سابق صدر راہول گاندھی مسلسل گجرات کے دورے کرتے ہوئے تمام قائدین سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔ اس سلسلہ میں لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی آج ایک مرتبہ پھر گجرات کا دورہ کریں گے۔ اس موقع پر وہ پارٹی کے ضلعی صدور سے ملاقات کریں گے۔کانگریس ذرائع کے مطابق راہول گاندھی ضلعی صدور سے ملاقات کے دوران انہیں آنے والے اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلہ میں ہدایات دیں گے۔ ذرائع کے مطابق راہول گاندھی گجرات پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے مقامی کیڈر میں بھی جوش وخر وش دیکھا جارہاہے۔
گجرات میں کانگریس کے مسائل کیا ہیں؟
پی ایم مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی آبائی ریاست گجرات میں بی جے پی کو گھیرنے کے لیے کانگریس نے حکومت کی بدانتظامی، بدعنوانی، نوکر شاہی، کمیشن لینے جیسے مسائل کو اپنے ایجنڈے پر رکھا ہے۔ گجرات کے نو منتخب صدر امیت چاوڈا کے عہدہ سنبھالنے کے بعد راہول گاندھی پہلی بار گجرات پہنچیں گے۔ جب وہ آخری بار آئے تھے تو تنظیم کی کمان شکتی سنگھ گوہل کے ہاتھ میں تھی۔ راہول گاندھی کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب عام آدمی پارٹی نے گجرات میں اپنی سرگرمی بڑھا دی ہے۔ ایسے میں سب کی نظریں اس پر لگی ہوئی ہیں کہ راہل گاندھی گجرات پہنچ کر بی جے پی پر کیسے حملہ کرتے ہیں۔ راہول گاندھی آنند میں پارٹی کے تربیتی کیمپ اور دودھ پیدا کرنے والوں سے بات چیت کے بعد دہلی واپس آئیں گے۔
کانگریس پر بی جے پی کی بی ٹیم ہونے کا الزام:
کیجریوال نے کہا کہ بی جے پی نے گزشتہ 30 سالوں میں گجرات کو برباد کر دیا ہے اور کانگریس اپوزیشن کا کردار ادا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس صرف دکھاوے کے لیے لڑتی ہے اور پردے کے پیچھے بی جے پی کی مدد کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ہر الیکشن کانگریس کے ذریعے جیتتی ہے۔ اب عوام کانگریس اور بی جے پی کی ملی بھگت کو سمجھ چکے ہیں۔
ویساوادر ضمنی انتخاب کی وجہ سے AAP کا اعتماد بڑھا:
غور طلب ہے کہ حال ہی میں ویساوادر اسمبلی سیٹ پر ہوئے ضمنی انتخاب میں AAP لیڈر گوپال اٹالیہ نے بی جے پی امیدوار کریت پٹیل کو 17000 سے زیادہ ووٹوں سے شکست دی۔ کانگریس تیسرے نمبر پر رہی۔ اس نتیجہ نے AAP کو گجرات میں ایک مضبوط متبادل کے طور پر ابھرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔
'گجرات جوڑو ابھیان' کا آغاز ہوا:
کیجریوال نے کہا کہ بی جے پی کو اقتدار سے ہٹانے کے لیے ان کی پارٹی نے 'گجرات جوڑو ابھیان' شروع کیا ہے۔ اس کے تحت پارٹی کارکن گھر گھر جا کر لوگوں سے رابطہ کریں گے۔ لوگ مس کال دے کر اس مہم میں شامل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ بدعنوانی سے پاک گجرات کے لیے AAP کا ساتھ دیں۔