کانگریس کے سینئر لیڈر راہول گاندھی آج جھارکھنڈ کے چائی باسا میں ایم پی۔ایم ایل اے عدالت میں پیش ہوں گے۔ یہ معاملہ سال 2018 میں ایک ریلی میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے خلاف مبینہ توہین آمیز ریمارکس سے متعلق ہے۔راہول گاندھی منگل کو جھارکھنڈ میں تھے۔ وہ یہاں سابق وزیر اعلیٰ شیبو سورین کی آخری رسومات میں شرکت کیلئے آئے تھے۔ کانگریس لیڈر اور جھارکھنڈ پردیش پارٹی کے سابق صدر راجیش ٹھاکر نے کہا کہ راہول گاندھی منگل کی رات رانچی میں ہوں گے۔ وہ آج عدالت میں پیش ہونے کیلئے چائ باسہ جائیں گے۔
اس کے بعد وہ رانچی واپس جائیں گے اور دہلی کیلئے روانہ ہوں گے۔راہول گاندھی نے 2 جون کو خصوصی عدالت کے اس حکم کو جھارکھنڈ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا جس میں انہیں 26 جون کو عدالت میں حاضر ہونے کو کہا گیا تھا۔کانگریس رکن پارلیمنٹ کے وکیل نے 10 جون کو ہائی کورٹ کو مطلع کیا تھا کہ ان کا مؤکل مقررہ تاریخ پر حاضر نہیں ہوسکیں گے۔ اس کے بجائے انہوں نے 6 اگست کی تاریخ مانگی تھی جس پر ہائی کورٹ نے ان کی درخواست قبول کر لی تھی۔
طویل عرصے تک رہنے والے مرکزی وزیر داخلہ :
امت شاہ ہندوستان کے سب سے طویل عرصے تک رہنے والے مرکزی وزیر داخلہ بن گئے۔ رپورٹ کے مطابق 30 مئی 2019 کو چارج سنبھالنے کے بعد سے 2,258 دن دفتر میں رہنے کے ساتھ امت شاہ نے اب سینئر بی جے پی لیڈر لال کرشن اڈوانی کے سابقہ ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔امت شاہ کی مدت کار کانگریس کے تجربہ کار گووند بلبھ پنت سے بھی آگے نکل گئی ہے جنہوں نے موجودہ قومی جمہوری اتحاد حکومت میں ایک اہم ستون کے طور پر اپنی پوزیشن کو مزید مضبوط کیا ہے۔
امیت شاہ نے یہ کارنامہ 5 اگست کو حاصل کیا جس دن انہوں نے 2019 میں پارلیمنٹ میں جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرتے ہوئے آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔امیت شاہ سے پہلے وزیر داخلہ کے طور پر سب سے طویل مدت تک خدمات انجام دینے والے لیڈروں میں کانگریس لیڈر گووند بلبھ پنت اور بھارتیہ جنتا پارٹی لیڈر لال کرشن اڈوانی شامل ہیں۔لال کرشن اڈوانی 2,256 دن اس عہدے پر فائز رہے جبکہ گووند بلبھ پنت 10 جنوری 1955 سے 7 مارچ 1961 تک جملہ 6 سال 56 دن تک اس عہدہے پر فائز رہے۔