Friday, February 21, 2025 | 22, 1446 شعبان
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • دہلی میں نئے کابینہ کی حلف برداری تقریب: وزیراعلیٰ ریکھا گپتا سمیت 6وزراء نے لیا حلف

دہلی میں نئے کابینہ کی حلف برداری تقریب: وزیراعلیٰ ریکھا گپتا سمیت 6وزراء نے لیا حلف

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mirza Ghani Baig | Last Updated: Feb 20, 2025 IST     

image
دہلی : 27 سال بعد دہلی میں اقتدار میں واپسی کے بعد،  دہلی اسمبلی انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد نئے وزیر اعلیٰ کا انتظار ختم ہو گیا ہے۔ ریکھا گپتا نے جمعرات کو دہلی کی وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ اس دوران ریکھا گپتا زعفرانی ساڑھی میں نظر آئیں۔ وہ دہلی کی چوتھی خاتون  وزیراعلیٰ بن گئی ہیں۔ ان سے پہلے آتشی ، شیلا ڈکشٹ اور سشما سوراج دہلی کی خواتین وزیر اعلی رہ چکی ہیں۔ ریکھا گپتا شالیمار باغ سے ایم ایل اے ہیں۔ انہوں نے تین بار عام آدمی پارٹی کی ایم ایل اے بندنا کماری کو بڑے فرق سے شکست دی ہے۔ 
 
 
ریکھا گپتا کے بعد ایل جی ونے کمار سکسینہ نے کابینہ کے دیگر ارکان کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ ریکھا گپتا کے بعد پرویش ورما ،د آشیش سود ،منجندر سنگھ سرسا  اور رویندر سنگھ اندراج نے بھی وزیر کے طور پر حلف لیا ہے۔ اس کے بعد کپل مشرا اور پنکج سنگھ نے حلف لیا۔ ان تمام لوگوں کے ناموں کا اعلان آج صبح ہی ایک گزٹ جاری کرکے کیا گیا۔ حلف برداری کے بعد سب کی وزارتوں کا فیصلہ کیا جائے گا۔ بی جے پی نے اپنی کابینہ کے
اعلان کے ساتھ ذاتوں اور برادریوں کو راغب کرنے کی کوشش کی ہے۔ اس میں جاٹ، پنجابی اور پوروانچل سب کا خیال رکھا گیاہے۔ 
 
 
 
 
 
حلف برداری کی تقریب دہلی کے تاریخی رام لیلا میدان میں منعقد  کی گئی ہے۔ اس پروگرام میں وزیر اعظم نریندر مودی ، وزیر داخلہ امیت شاہ ، مرکزی کابینہ کے ارکان، بی جے پی کی حکمرانی والی ریاستوں کے وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ، اراکین پارلیمنٹ اور این ڈی اے کی اتحادی جماعتوں کے قائدین موجود ہیں۔ اس کے ساتھ ہی 50 ہزار قائدین، کارکنان اور حامی دیگر معززین کے ساتھ پروگرام میں موجود تھے۔ 
 

ریکھا گپتا کون ہیں؟

 
دہلی یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین (DUSU) کی سابق صدر اور پہلی بار ایم ایل اے بننے والی ریکھا گپتا جمعرات کو دہلی کی نویں وزیر اعلیٰ بن گئیں۔ ریکھا گپتا دہلی اسمبلی انتخابات میں شالیمار باغ سے ایم ایل اے منتخب ہوئی ہیں۔ وہ مدن لال کھرانہ، صاحب سنگھ ورما اور سشما سوراج کے بعد دہلی کی چوتھی بی جے پی وزیر اعلیٰ بنیں۔ اس کے ساتھ ہی وہ بی جے پی کی حکومت والی کسی بھی ریاست میں واحد خاتون وزیر اعلیٰ بھی بن گئی ہیں۔ وہ دو بار دہلی کی کونسلر اور میئر بھی رہ چکی ہیں۔ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ ان کے آر ایس ایس کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔ ریکھا گپتا کو بی جے پی کے ان آوازوں میں شمار
کیا جاتا ہے جو عصری مسائل پر کھل کر اپنی رائے کا اظہار کرتی ہیں۔
 
 
 

وزراء کا پروفائل

 

پرویش ورما

 
پرویش ورما دہلی کے سابق وزیر اعلی ٰصاحب سنگھ ورما کے بیٹے ہیں۔ پرویش ورما جاٹ برادری سے تعلق رکھتے ہیں۔ پڑوسی ریاست ہریانہ اور دہلی میں بھی جاٹ برادری نے پارٹی کی توقعات کے مطابق بی جے پی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے دہلی اسمبلی انتخابات میں نئی ​​دہلی سیٹ سے عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال کو شکست دی تھی۔ پرویش ورما لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ بھی رہ چکے ہیں۔
 

آشیش سود

 
آشیش سود کا تعلق پنجابی برادری سے ہے۔ وہ پہلی بار ایم ایل اے بنے ہیں۔ وہ جنک پورہ سیٹ سے جیت گئے ہیں۔ وہ ایک طویل عرصے سے دہلی کی مقامی سیاست میں سرگرم ہیں۔ بی جے پی لیڈر آشیش سود کو تنظیم میں کام کرنے کا کافی تجربہ ہے۔ انہوں نے جموں و کشمیر اور گوا میں بی جے پی کے لیے کام کیا ہے۔ وہ فی الحال گوا بی جے پی یونٹ کے انچارج ہیں۔ گوا کے علاوہ آشیش جموں و کشمیر کے شریک انچارج بھی ہیں۔ آشیش سود کو سنگھ کا قریبی سمجھا جاتا ہے۔
 

منجندر سنگھ سرسا

 
منجندر سنگھ سرسا نے راجوری گارڈن سیٹ پر آپ امیدوار دھنونتی چنڈیلا کو 18 ہزار ووٹوں سے شکست دی تھی۔ ہریانہ کے سرسا میں پیدا ہوئے منجندر سنگھ اس وقت بی جے پی کے قومی سکریٹری کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز شرومنی اکالی دل سے کیا۔ اس کے بعد وہ یکم دسمبر 2021 کو بی جے پی میں شامل ہوئے۔ سرسا کا تعلق سکھ برادری سے ہے۔
 

رویندر سنگھ اندراج

 
رویندر سنگھ اندرراج بوانا اسمبلی سیٹ سے بی جے پی کے ایم ایل اے ہیں۔ 50 سالہ رویندر اندرراج بی جے پی شیڈول کاسٹ فرنٹ کے قومی ایگزیکٹو ممبر بھی ہیں۔ اندرراج جو پیشہ سے تاجر ہیں، دلتوں کے مسائل پر طویل عرصے سے کام کر رہے ہیں۔ وہ دہلی یونیورسٹی سے گریجویٹ ہیں۔ رویندر ایک صاف ستھری شبیہ والے لیڈر ہیں، ان کے خلاف کوئی مجرمانہ مقدمہ درج نہیں ہے۔
 

کپل مشرا

 
کپل مشرا نے دہلی کی کراول اسمبلی سیٹ جیت لی ہے۔ کپل مشرا اپنے اسکول کے زمانے سے ہی سماجی تحریکوں میں شامل ہو گئے۔ اپنے سیاسی کیریئر کے آغاز میں، کپل مشرا AAP کے رکن تھے اور 2015 میں کراول نگر اسمبلی حلقہ سے ایم ایل اے منتخب ہوئے تھے۔ وہ دہلی حکومت میں آبی وسائل کے وزیر بھی رہ چکے ہیں۔ تاہم، بعد میں انہوں نے پارٹی قیادت کے خلاف بدعنوانی کے الزامات لگائے، جس کے نتیجے میں انہیں پارٹی سے معطل کر دیا گیا۔ اس کے بعد کپل مشرا نے 2019 میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔ انہوں نے پارٹی کی مختلف پروگراموں میں فعال کردار ادا کیا۔ 2023 میں انہیں دہلی بی جے پی کا نائب صدر مقرر کیا گیا۔
 

پنکج سنگھ

 
پنکج کمارسنگھ، پیشے سے دانتوں کے ڈاکٹر ہیں، نے مگدھ یونیورسٹی، بودھ گیا، بہار سے بیچلر آف ڈینٹل سرجری کی ڈگری حاصل کی ہے۔ پنکج کمار سنگھ طویل عرصے سے سیاست میں سرگرم ہیں۔ انہوں نے دہلی میونسپل کارپوریشن میں بھی کئی ذمہ داریاں نبھائی ہیں۔ وہ ایم سی ڈی کے سابق کمشنر آنجہانی راجہ موہن سنگھ کے بیٹے ہیں۔ ایم ایل اے بننے سے پہلے وہ میونسپل کونسلر رہ چکے ہیں۔ انہوں نے انتخابات میں AAP کے مہندر یادو کو 12,876 ووٹوں سے شکست دی۔ ان کے خلاف کانگریس کے ایڈوکیٹ جتیندر سولنکی میدان میں تھے۔