Saturday, February 22, 2025 | 23, 1446 شعبان
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • تلنگانہ :ماہ رمضان میں تمام دکانات اور کارو باری اداروں کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کی اجازت ،احکام جاری

تلنگانہ :ماہ رمضان میں تمام دکانات اور کارو باری اداروں کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کی اجازت ،احکام جاری

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Feb 21, 2025 IST     

image
حکومت تلنگانہ نے مقدس ماہ رمضان المبارک کے دوران ریاست بھر میں تمام دکانات اور  کارو باری اداروں کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کی اجازت دی ہے۔ اور اس تعلق سے احکام بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔ کمشنر محکمہ لیبر سنجے کمار آئی اے ایس نے بتایا کہ 2 مارچ 2025سے 31 مارچ 2025تک تلنگانہ میں تمام دکانات اور  کا روباری ادارے 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔ اس دوران جو ائنٹ سکریٹری محکمہ پروٹوکول نے بھی ایک علیحدہ میمو جاری کرتے ہوئے تمام کلکٹروں سے خواہش کی ہے کہ وہ آنے والے مقدس ماہ رمضان المبارک کے لئے درکار انتظامات کو یقینی بنانے کے سلسلہ میں محکمہ جات مال، بلدیہ، پنچایت راج ، میڈیکل ، ٹرانسکو اور پولیس وغیرہ کے تمام ذمہ دار عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کریں۔  تمام کلکٹروں سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ  اجلاس کے دوران متعلقہ مسلم قائدین کو بھی مدعو کرتے ہوئے محکمہ پروٹوکول کو رپورٹ پیش کریں۔
 

محمد علی شبیر نے  شکریہ  ادا  کیا۔

حکومت کے مشیر محمد علی شبیر نے حکم جاری کرنے پر چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دو ہفتے قبل جاری کیے گئے احکامات منصوبہ بندی اور عمل درآمد کے لیے کافی وقت دیتے ہیں۔ شبیر علی نے قبل ازیں چیف سکریٹری اے شانتی کماری کو خط لکھا تھا جس میں حکومت پر زور دیا گیا تھا کہ وہ کلکٹروں کو ہدایت دیں کہ وہ رمضان کی خوش اسلوبی سے پابندی کو یقینی بنانے کے لیے جائزہ اجلاس بلائیں۔
 

مسلم  ملازمین کو خصوصی مراعات۔

اس سے قبل تلنگانہ حکومت نے رمضان کے پورے مہینے کے دوران تمام مسلم سرکاری ملازمین، اساتذہ، سمیت پبلک سیکٹر کے ملازمین کو خصوصی چھوٹ دی ہے۔ حکومتی حکم کے مطابق ان ملازمین کو 2 مارچ سے 31 مارچ تک شام 4 بجے ایک گھنٹہ پہلے دفاتر اور اسکولوں سے گھر جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ تاہم یہ ہدایات بھی دی گئی ہیں کہ اگر کسی ملازم کا کام زیادہ اہم ہے تو اسے دفتر میں ہی رہنا ہوگا۔
 

 بی جے پی نے حکومت کے فیصلے پر  اٹھائےسوال ۔

بی جے پی نے ریاستی حکومت کے اس فیصلے کی تنقید کی ہے۔ بی جے پی لیڈر امیت مالویہ نے کہا کہ ہندو تہواروں کے دوران اس طرح کی نرمی کیوں نہیں دی جاتی؟ بی جے پی ایم ایل اے راجہ سنگھ نے اس حکم کو خوشامد کی سیاست قرار دیا ہے۔ خیال رہے کہ تلنگانہ کے علاوہ آندھرا پردیش حکومت نے بھی مسلم سرکاری ملازمین کو رمضان کے مہینے میں ایک گھنٹہ قبل دفتر سے نکلنے کی اجازت دی ہے۔