Sunday, April 26, 2026 | 08 ذو القعدة 1447
  • News
  • »
  • صحت
  • »
  • گھٹنے کے درد کی شکایات میں خطرناک حد تک اضافہ: نوجوان بھی متاثر: کیوں؟

گھٹنے کے درد کی شکایات میں خطرناک حد تک اضافہ: نوجوان بھی متاثر: کیوں؟

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Apr 26, 2026 IST

گھٹنے کے درد کی شکایات میں خطرناک حد تک اضافہ: نوجوان بھی  متاثر: کیوں؟
موجودہ دورمیں گھٹنے کے درد (نی پین) کا مسئلہ نہ صرف عمر رسیدہ افراد بلکہ نوجوانوں میں بھی تیزی سے بڑھتا جا رہا ہے، جو ایک تشویشناک رجحان ہے۔ ماہرینِ صحت کے مطابق اس کی بنیادی وجوہات میں غیر فعال طرزِ زندگی، جسمانی وزن میں اضافہ، ورزش کی کمی اور غذائی بے اعتدالی شامل ہیں۔
 
 منصف ٹی وی  کے خصوصی پروگرام ہیلتھ  اورہم میں ماہرِڈاکٹرمیر جواد زارخان نے اس پر تفصیل جانکاری دی۔ انھوں  نے بتایا کہ گھٹنا انسانی جسم کا ایک نہایت اہم اور پیچیدہ جوڑ ہے، جو وزن اٹھانے میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے۔ عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ گھٹنے کی ہڈیوں کے درمیان موجود کارٹلیج (نرم حفاظتی تہہ) گھسنا شروع ہو جاتی ہے، جسے عام طور پر آرتھرائٹس کہا جاتا ہے۔ تاہم اب یہ مسئلہ کم عمر افراد میں بھی دیکھنے میں آ رہا ہے۔
 
ڈاکٹر کے مطابق نوجوانوں میں اس بیماری کے بڑھنے کی بڑی وجہ سست طرزِ زندگی (Sedentary Lifestyle) ہے۔ زیادہ دیر بیٹھ کر کام کرنا، واک اور ورزش نہ کرنا، فاسٹ فوڈ کا زیادہ استعمال اور وٹامن ڈی و کیلشیم کی کمی اس مسئلے کو بڑھا رہی ہے۔ اس کے علاوہ موٹاپا بھی ایک اہم سبب ہے، کیونکہ اضافی وزن کا دباؤ براہِ راست گھٹنوں پر پڑتا ہے۔
 
انہوں نے بتایا کہ اگر گھٹنے میں مسلسل درد، سوجن یا حرکت کے دوران آواز آئے تو اسے نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ ایسے میں فوری طور پر مستند آرتھوپیڈک ڈاکٹر سے رجوع کرنا ضروری ہے۔ خود سے پین کلرز کا زیادہ استعمال نقصان دہ ہو سکتا ہے، کیونکہ یہ عارضی سکون تو دیتے ہیں مگر بیماری کا مستقل علاج نہیں۔
 
ماہرین کا کہنا ہے کہ نوجوانوں میں کھیل کود کے دوران لگنے والی چوٹیں بھی گھٹنے کے مسائل کا سبب بنتی ہیں، خاص طور پر لیگامنٹس (ACL، PCL) یا مینیسکس کے ٹئیرز۔ اگر ان کا بروقت علاج نہ کیا جائے تو مستقبل میں شدید آرتھرائٹس کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ جدید دور میں آرتھروسکوپی اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ان مسائل کا مؤثر علاج ممکن ہے۔
 
گھٹنے کے درد سے بچاؤ کے لیے ماہرین نے چند اہم احتیاطی تدابیر بھی بتائیں، جن میں باقاعدہ ورزش، وزن کو کنٹرول میں رکھنا، متوازن غذا کا استعمال، سورج کی روشنی سے وٹامن ڈی حاصل کرنا اور ہڈیوں کو مضبوط بنانے والی ایکسرسائز شامل ہیں۔آخر میں ماہرین نے اس بات پر زور دیا کہ صحت مند طرزِ زندگی اپنانا نہ صرف گھٹنے کے درد بلکہ دیگر کئی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے بھی ضروری ہے۔ قارئین آپ ڈاکٹر   میر جواد زار خان کی  مکمل بات چیت  آپ اس ویڈیوپر بھی دیکھ سکتےہیں۔