سری نگرمیں ایک اہم تقریب کے دوران مرکزی وزیر زراعت و دیہی ترقی شیوراج سنگھ چوہان نے جموں و کشمیر کے لیے بڑی ترقیاتی اسکیموں کا اعلان کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ کو پردھان منتری گرام سڑک یوجنا (PMGSY-IV) کے تحت منظور شدہ پروجیکٹس کا منظوری نامہ پیش کیا گیا۔
حکام کے مطابق جموں و کشمیر میں دیہی ترقی کو تیز کرنے کے لیے تقریباً 3,566 کروڑ روپے کے سڑک منصوبوں کو منظوری دی گئی ہے، جبکہ مجموعی طور پر تقریباً 8,000 کروڑ روپے کے ترقیاتی پیکیج کو ایک تاریخی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
تقریب میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے بھی بڑا اعلان کیا گیا، جس کے تحت DAY-NRLM اسکیم کے تحت 4,568 کروڑ روپے سے زائد کی رقم 24 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے لیے جاری کی گئی۔ اس موقع پر خود امدادی گروپس سے وابستہ خواتین کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔
اپنے خطاب میں شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ حکومت صرف سڑکیں ہی نہیں بنا رہی بلکہ دلوں کو بھی جوڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی ترقی، ملک کی مجموعی ترقی کے لیے نہایت اہم ہے اور اس کے لیے “دل اور دہلی دونوں کے دروازے کھلے ہیں”۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا مقصد ہر گاؤں اور دور دراز بستی کو سڑکوں کے ذریعے جوڑنا ہے تاکہ عوام کو اسکول، اسپتال اور روزگار کے مواقع آسانی سے میسر آ سکیں۔
زراعت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ خطے میں چھوٹے کھیتوں، مشکل جغرافیہ اور موسمی چیلنجز کے باوجود کسانوں کی آمدنی بڑھانے کے لیے مربوط کھیتی (Integrated Farming) کو فروغ دیا جائے گا۔ اس کے تحت مویشی پالنا، ماہی گیری، شہد کی مکھیوں کی پرورش اور دیگر ذیلی سرگرمیوں کو شامل کیا جائے گا۔انہوں نے اعلان کیا کہ زرعی ماہرین کی ایک ٹیم جموں و کشمیر کا دورہ کرے گی جو موسمی حالات، مٹی اور پانی کے وسائل کا جائزہ لے کر ایک جامع ترقیاتی منصوبہ تیار کرے گی۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اس موقع پر شیوراج سنگھ چوہان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ منظوری جموں و کشمیر کے لیے ایک بڑی پیش رفت ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ان منصوبوں کو تیزی سے زمین پر نافذ کیا جائے گا تاکہ دیہی علاقوں میں حقیقی تبدیلی لائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ پہاڑی علاقوں اور بکھری ہوئی آبادی کے پیش نظر سڑکوں کی بہتر سہولت جموں و کشمیر کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گی، اور حکومت اس سمت میں سنجیدگی سے کام کرے گی۔