بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان ایک بار پھر خبروں میں ہیں۔ گزشتہ چند دنوں سے وہ سوشل میڈیا پر کافی سرگرم دکھائی دے رہے ہیں اور مسلسل اپنی نئی تصاویر اور سیلفیز مداحوں کے ساتھ شیئر کر رہے ہیں۔ اسی دوران سلمان خان نے اپنے باڈی شیرا کو منفرد انداز میں سالگرہ کی مبارکباد دی ہے۔
شیرا نے 19 مئی 2026 کو اپنی سالگرہ منائی، اور اس خاص موقع پر سلمان خان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ایک تصویر شیئر کی۔ تصویر میں سلمان خان اور شیرا ایک ساتھ خوشگوار انداز میں پوز دیتے نظر آ رہے ہیں جبکہ شیرا نے سلمان کے کندھے پر ہاتھ رکھا ہوا ہے۔ تصویر شیئر کرتے ہوئے سلمان نے لکھا، “ہیپی برتھ ڈے شیرا...” اور ساتھ ہی شیرا کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کو بھی ٹیگ کیا۔
یہ تصویر سامنے آنے کے بعد مداحوں کی جانب سے دونوں کی دوستی اور مضبوط رشتے کی خوب تعریف کی جا رہی ہے۔ سلمان خان اور شیرا کا تعلق صرف ایک اداکار اور اس کے باڈی گارڈ تک محدود نہیں بلکہ دونوں کے درمیان گہرا اعتماد اور خاندانی رشتہ قائم ہے۔
تقریباً تین دہائیوں سے شیرا سلمان خان کے ساتھ سایہ بن کر موجود ہیں۔ وہ نہ صرف سلمان کی سیکیورٹی سنبھالتے ہیں بلکہ ہر مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے بھی نظر آتے ہیں۔ شیرا کئی بار یہ کہہ چکے ہیں کہ جب تک وہ زندہ ہیں سلمان خان کے ساتھ کام کرتے رہیں گے اور کسی کو بھی ان کے خلاف انگلی اٹھانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
حال ہی میں سلمان خان اس وقت بھی خبروں میں آئے تھے جب انہوں نے پاپرازی پر ناراضگی ظاہر کی تھی۔ اطلاعات کے مطابق بعض فوٹوگرافر اسپتال تک ان کا پیچھا کرتے رہے اور ان کی توجہ حاصل کرنے کیلئے شور مچاتے رہے، جس پر سلمان نے ناراضی کا اظہار کیا تھا۔