دنیا بھر میں رمضان المبارک کی آمد آمد ہے جس کے استقبال کے لیے مسلمان بھرپور تیاریاں کرتے ہیں۔ سعودی عرب سمیت زیادہ تر مسلم ممالک میں چاند کی رویت کا اعلان کر دیا ہے۔ سعودی عرب نے ہلالِ رمضان کی رویت کی باضابطہ تصدیق کرتے ہوئےاسلامی سال 1447 ہجری کے ماہِ مقدس رمضان المبارک کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی رویتِ ہلال کمیٹی نے اعلان کیا کہ رمضان 2026 بدھ، 18 فروری سے شروع ہوگا۔انڈونیشیا اور ترکی نے چاند نظر نہ آنے کے باعث جمعرات، 19 فروری کو پہلا روزہ قرار دیا ہے۔ اسی طرح عُمان رمضان کی تاریخ کا اعلان کرنے والا پہلا خلیجی ملک بنا، جہاں جمعرات، 19 فروری سے روزے شروع ہوں گے۔ وسطی ایشیا کے چار ممالک آذربائیجان، قازقستان، کرغزستان اور ازبکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا۔علاوہ ازیں انڈونیشیا، ملائیشیا اور برونائی نے بھی پہلا روزہ 19 فروری بروز جمعرات ہونے کا باضابطہ سرکاری سطح پر اعلان کیا ہے۔ان ممالک کے سرکاری مذہبی اداروں نے اعلان کیا ہے کہ منگل کی شام چاند نظر نہ آنے کے باعث شعبان کے 30 دن مکمل کیے جائیں گے۔اس طرح ان ممالک میں پہلا روزہ جمعرات کو رکھا جائے گا۔
جہاں جہاں رمضان المبارک کا چاند نظر آیا وہاں مقامی مساجد اور اسلامی مراکز نے ماہِ مقدس کے پیشِ نظر نماز تراویح اور اجتماعی مذہبی پروگراموں کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ حکام کے مطابق عبادت گذاروں کی سہولت، نظم و ضبط اور سکیورٹی کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
فرانس میں بھی فلکیاتی شواہد کی بنیاد پر اعلان کیا گیا ہے کہ رمضان المبارک جمعرات 19 فروری سے ہی شروع ہوگا۔فرانس کی کونسل آف مسلم فیتھ کے مطابق نیا چاند 17 فروری کو پیرس کے وقت کے مطابق دن 1:01 بجے پیدا ہوا مگر اس کا نظر آنا ممکن نہیں تھا۔
ترکیہ کے مذہبی امور کے ادارے دیانت نے اعلان کیا کہ رمضان المبارک کا آغاز جمعرات 19 فروری سے ہوگا۔ادارے کے سربراہ صفی آرپاگوش کے مطابق بدھ کی شام پہلی تراویح ادا کی جائے گی۔
ادھر بر صغیر ہندوستان، پاکستان اور بنگلہ دیش میں منگل کو 28 شعبان تھی ۔ متعلقہ حکام بدھ کو ہلال کی رویت کے بعد رمضان کے آغاز کی حتمی تاریخ کا اعلان کریں گے۔
رمضان المبارک اسلامی قمری کیلنڈر کا نواں اور سب سے مقدس مہینہ ہے، جو مسلمانوں کے لیے غیر معمولی مذہبی و روحانی اہمیت رکھتا ہے۔ اس بابرکت مہینے میں مسلمان سحری سے لے کر غروبِ آفتاب تک روزہ رکھتے ہیں، جس کے دوران کھانے پینے اور دیگر جسمانی ضروریات سے اجتناب کیا جاتا ہے۔
ماہ مقدس رمضان میں ہء قرآنِ مجید پہلی بار حضرت محمد ﷺ پر نازل ہوا۔ روزہ اسلام کے پانچ بنیادی ارکان میں شامل ہے، اور بالغ مسلمانوں پر فرض ہے۔