• News
  • »
  • تعلیم و روزگار
  • »
  • بارش کے باعث کئی ریاستوں میں تعلیمی اداروں کو تعطیل

بارش کے باعث کئی ریاستوں میں تعلیمی اداروں کو تعطیل

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Afreen Begum | Last Updated: Jul 09, 2026 IST

بارش کے باعث کئی ریاستوں میں تعلیمی اداروں کو تعطیل
 
 
ملک کے مختلف حصوں میں مسلسل بارش اور خراب موسم کے باعث کئی ریاستوں میں آج اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ طلبہ کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، کیونکہ محکمہ موسمیات (IMD) نے کئی علاقوں میں شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔
 

دہرادون،اتراکھنڈ

 
اتراکھنڈ کے ضلع دہرادون میں مسلسل بارش اور محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری اورنج الرٹ کے بعد آج تمام اسکول اور آنگن واڑی مراکز بند رہیں گے۔ یہ ہدایت ضلع مجسٹریٹ اور ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے جاری کیا ہے۔ اس کے تحت سرکاری امداد یافتہ اور نجی(private) اسکولوں میں پہلی سے بارہویں جماعت تک کی کلاسیں بند رہیں گی۔ آنگن واڑی مراکز بھی بند رہیں گے۔
 
حکام کے مطابق یہ فیصلہ بچوں کو خراب موسم سے محفوظ رکھنے کے لیے احتیاطی طور پر کیا گیا ہے۔ چیف ایجوکیشن آفیسر اور ڈسٹرکٹ پروگرام آفیسر کو ہدایت دی گئی ہے کہ تمام تعلیمی ادارے اس ہدایت پرمکمل عمل کریں۔
 

اترپردیش

 
اترپردیش میں بھی شدید بارش کے باعث کئی اضلاع میں اسکول بند کر دیے گئے ہیں۔ غازی آباد میں بارہویں جماعت تک تمام اسکول آج بند رہیں گے۔ یہ فیصلہ ضلع مجسٹریٹ نے محکمہ موسمیات کی جانب سے ریاست کے تمام 75 اضلاع میں شدید بارش کی وارننگ کے بعد کیا ہے۔ اس کے علاوہ ہاتھرس (Hathras) اور متھرا  ضلعوں میں آٹھویں جماعت تک کے تمام اسکول بھی بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
 

کیرالہ

 
کیرالہ میں مسلسل بارش، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر حکومت نے وائناڈ، کوزی کوڈ اور ملاپورم اضلاع میں اسکولز اورکالجزکو ایک دن کے لیے بند رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ خراب موسم کی وجہ سے طلبہ اور دیگر ملازمین کی حفاظت کے لیے یہ فیصلہ ضروری تھا۔
 

کرناٹک

 
کرناٹک کے شیموگا(Shivamogga)ضلع کے بعض علاقوں میں بھی شدید بارش جاری ہے۔ اسی وجہ سے ہوس نگر (Hosanagar ) کے تعلیمی اداروں میں کلاسیں عارضی طور پر بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکام نے کہا ہے کہ موسم بہتر ہونے کے بعد ہی اسکول دوبارہ کھولنے کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔
 

حکومت کی اپیل

 
انتظامیہ نے والدین اور طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم کی تازہ صورتحال پر نظر رکھیں، سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے محفوظ رہا جا سکے۔