نیشنل کانفرنس (این سی) کے بزرگ رہنما، سابق وزیرمصطفیٰ کمال کا 83 سال کی عمرمیں انتقال ہو گیا۔ وہ بانی نیشنل کانفرنس شیخ عبداللہ کے بیٹے، جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ کے بھائی، اور وزیراعلیٰ عمرعبداللہ کے چچا تھے۔ پارٹی لیڈر نے بتایا کہ این سی کے ایڈیشنل جنرل سکریٹری مصطفیٰ کمال نے منگل کی شام 5 بجے کے قریب نجی اسپتال میں آخری سانس لی۔ وہ طویل عرصہ سے بیمار تھے۔ انہیں سرینگر کے سونہ وار علاقے میں دفن کیا گیا جبکہ ہوٹل نیڈوز کے قریب ان کے جنازے میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ سمیت این سی کے سینر لیڈران اور سینکڑوں کارکنان نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ نے پیش کیا خراج
وزیراعلیٰ عمرعبداللہ نے ایکس پر کہا "میرے والد کے چھوٹے بھائی ڈاکٹر مصطفی کمال کا آج شام کو سرینگر کے پارس ہسپتال میں انتقال ہو گیا، چچا مصطفیٰ کچھ مہینوں سے ناساز تھے لیکن 4 دن پہلے ان کی طبیعت مزید خراب تھی، انہوں نے مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، ان کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز اور عملہ حیرت انگیز تھا لیکن اللہ تعالیٰ نے انہیں آخری سفر کے لیے بلایا، اللہ تعالیٰ چچا کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے"۔
بطور وزیر خدمات
مصطفیٰ کمال نے 1983، 1987 اور 1996 میں فاروق عبداللہ کی زیرقیادت جموں و کشمیر حکومت میں بطور وزیر خدمات انجام دیں۔سیاسی میدان میں اترنے سے پہلے، کمال، نے 1962 میں جے پور کے سوائی مان سنگھ میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی، شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں گلمرگ کے قریب ٹنگمرگ میں جنرل فزیشن کے طور پر کام کیا۔
سیاست میں داخلہ
ان کے قانون سازی کیرئیر کا آغاز جموں و کشمیر قانون ساز کونسل سے ہوا، جہاں انہوں نے 1983 سے 1987 تک خدمات انجام دیں۔وہ 1987 میں اپنے حریف غلام حسن میر کو شکست دے کر پارٹی کے ٹکٹ پر حلقہ گلمرگ سے منتخب ہوئے اور 2002 تک اس حلقے کی نمائندگی کرتے رہے۔
انہوں نے پارٹی ترجمان کے طور پر بھی کام کیا اور اکثر جموں و کشمیر سے متعلق مسائل کے بارے میں آواز اٹھاتے تھے خاص طور پر اس خصوصی حیثیت کے بارے میں جسے مرکز نے 2019 میں منسوخ کر دیا تھا۔
لیفٹیننٹ گورنر کا تعزیتی پیغام
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بھی ڈاکٹر مصطفیٰ کمال کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ اور مداحوں سے تعزیت کی ہے۔جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کو سابق وزیر اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے چچا شیخ مصطفی کمال کے انتقال پر غم کا اظہار کیا، جنہوں نے طویل علالت کے بعد آخری سانس لی۔نیشنل کانفرنس (این سی ) کے ایک تجربہ کار رہنما اور تین بار جے کے کے سابق وزیر اعلی فاروق عبداللہ کے بھائی کمال کا منگل کو یہاں ایک نجی اسپتال میں انتقال ہوگیا۔ وہ 83 سال کے تھے۔کمال این سی کے ایڈیشنل جنرل سکریٹری بھی تھے۔
میرواعظ کشمیر نے کیا دکھ کا اظہار
ممیرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے بھی وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور ڈاکٹر فاروق عبداللہ سمیت مصطفی کمال کے دیگر اعزہ و اقارب کے ساتھ گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے صدمہ جانکاہ کہ برداشت کرنے کی دعا کی ہے۔