Tuesday, November 18, 2025 | 27, 1447 جمادى الأولى
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ کو پھانسی کی سزا، کانگریس لیڈر ششی تھرور کا سخت ردعمل

بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ کو پھانسی کی سزا، کانگریس لیڈر ششی تھرور کا سخت ردعمل

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Nov 18, 2025 IST

بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ کو پھانسی کی سزا، کانگریس لیڈر ششی تھرور کا سخت ردعمل
کانگریس کے سینئر لیڈر ششی تھرور نے بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کو سنائی گئی سزائے موت کو انتہائی تشویشناک قرار دیا ہے۔ ڈھاکہ کی ایک خصوصی عدالت نے پیر کو حسینہ کو ’انسانیت کے خلاف جرائم‘ کے لیے غیر حاضری میں موت کی سزا سنائی۔
 
موت کی سزا اور غیر حاضری میں ٹرائل تشویشناک، ششی تھرور
 
ششی تھرور نے کہا کہ وہ ہندوستان یا بیرون ملک سزائے موت کی حمایت نہیں کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ 'کسی شخص کو اپنے دفاع کا موقع فراہم کیے بغیر غیر حاضری میں سزائے موت دینا پریشان کن ہے۔ دوسرے ملک کی عدالت پر تبصرہ کرنا درست نہیں، لیکن اس فیصلے کو ہر گز مثبت نہیں کہا جا سکتا۔
 
ڈھاکہ کی عدالت نے حسینہ کو مجرم قرار دے دیا
 
بنگلہ دیش کے انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل (آئی سی ٹی) نے شیخ حسینہ اور سابق وزیر داخلہ اسد الزماں خان کمال کو گزشتہ سال کے طلباء کے احتجاج کے دوران "انسانیت کے خلاف جرائم" کے الزام میں غیر حاضری میں موت کی سزا سنائی ہے۔ حسینہ گزشتہ سال اگست میں اقتدار سے بے دخل ہونے کے بعد سے ہندوستان میں مقیم ہیں۔
 
شیخ حسینہ نے اسے سیاسی انتقام کی کارروائی قرار دیا
 
دہلی میں رہنے والی 78 سالہ شیخ حسینہ نے عدالت کے فیصلے کو متعصبانہ اور سیاسی طور پر محرک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ "غیر منتخب حکومت کے ذریعے چلائے جانے والے دھاندلی زدہ عدالتی عمل کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سزائے موت کا مطالبہ کرکے عبوری حکومت کا انتہا پسند چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے۔ ان کا مقصد مجھے سیاست سے ختم کرنا اور عوامی لیگ کو کمزور کرنا ہے۔
 
 
الزامات کا سامنا کرنے سے نہیں ڈرتی,  شیخ  حسینہ
 
 
حسینہ نے کہا کہ وہ الزامات کا سامنا کرنے سے نہیں ڈرتی بلکہ صرف ایک منصفانہ فورم چاہتی ہے۔ انہوں  نے کہا، میں چاہتی ہوں کہ کیس کو  بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) میں لے جایا جائے، جہاں ثبوتوں کی صحیح جانچ کی جا سکے۔ ان کی عوامی لیگ پارٹی کو فروری کے انتخابات میں حصہ لینے سے روک دیا گیا ہے۔