حیدرآباد کےعلاقہ نامپلی مارکٹ میں ایک بند خستہ حال مکان سے انسانی ڈھانچہ برآمد ہوا۔ انسانی ڈھانچہ ملنے سے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ بتایا جا رہا ہےکہ گزشتہ کئی سالوں بندایک خستہ حال گھرمیں انسانی ڈھانچہ ملنےکا ویڈیو وائرل ہوگیا۔ ایک خالی اور مقفل اور خستہ حال مکان میں انسانی جسم کی باقیات کی ویڈیو دکھانے کے لیے نوجوان گھر کے اندر گیا اور انسانی ڈھانچہ دکھاتے ہوئے ویڈیو ریکارڈ کرلی۔ نوجوان نے ویڈیو ریکارڈ کر کے فیس بک پر پوسٹ کیا۔اور یہ ویڈیو وائرل ہو گیا۔
جب یہ بات پولیس کے علم میں آئی تو پولیس نے نوجوان سے پوچھ تاچھ کی۔ نوجوان نے پولیس کو بتایا کہ وہ بند گھر میں کرکٹ گیند گرنے کے بعد گیند لینے گیا تھا۔ گھر میں انسانی ڈھانچہ نظر آیا۔ اس نے پولیس کو بتایا کہ انسانی ڈھانچہ ملنے کے اگلے دن اس نے ویڈیو بنائی تھی۔ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ زبردستی دروازہ کھولا تو اندر سے انسانی باقیات ملی۔ CLUES ٹیم نے دورہ کیا اور نمونے اکٹھے کئے۔اور مزید شواہد اکٹھے کر رہے ہیں۔
تاہم مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ سات سال سے اس خستہ حال مکان میں کوئی نہیں ہے۔ تاہم پولیس یہ جاننے کے لیے تفتیش کر رہی ہے کہ یہ انسانی ڈھانچہ کس کا ہے۔ پولیس ابھی تک اس بات کی شناخت نہیں کر پائی ہے کہ یہ مرد یا عورت کا ہے۔
اسی دوران ساؤتھ ویسٹ زون کے ڈی سی پی چندر موہن نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور تفتیشی افسران سے تفصیلات دریافت کیں۔ حبیب نگر پولیس تحقیقات کررہی ہے۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ آیا انسانی باقیات پوسٹ مارٹم اور محفوظ کرنے کے لیے ہسپتال بھیجی جائیں گی۔اس حوالے سے مکمل تفصیلات معلوم ہونا باقی ہیں۔