Wednesday, February 25, 2026 | 07 رمضان 1447
  • News
  • »
  • جموں وکشمیر
  • »
  • کشمیر وادی میں فروری میں غیر معمولی گرمی، سری نگر میں درجہ حرارت ریکارڈ سطح پر

کشمیر وادی میں فروری میں غیر معمولی گرمی، سری نگر میں درجہ حرارت ریکارڈ سطح پر

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Feb 25, 2026 IST

کشمیر وادی میں فروری میں غیر معمولی گرمی، سری نگر میں درجہ حرارت ریکارڈ سطح پر
وادیٔ کشمیر میں غیر موسمی گرمی زیر بحث ہے۔ سرینگر میں ہفتے کو زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 21 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا تھا۔ جو معمول سے تقریباً 10 ڈگری زیادہ ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق یہ شہر سرینگر میں فروری کا بلند ترین ریکارڈ ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر یہی رجحان جاری رہا تو خطے میں پانی کے بحران کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ ادھر گلمرگ میں بھی درجۂ حرارت معمول سے کافی زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمۂ موسمیات نے آئندہ دنوں میں ہلکی بارش اور درجۂ حرارت میں کمی کی پیش گوئی کی ہے۔
 
فروری کا مہینہ ابھی ختم بھی نہیں ہوا کہ کشمیر وادی میں معمول کی سردی کے بجائے غیر معمولی گرمی محسوس کی جا رہی ہے۔ ہفتے کے روز سری نگر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا تھا، جو اس عرصے کے اوسط درجہ حرارت سے تقریباً 10 ڈگری زیادہ ہے۔
 
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ سری نگر میں فروری کے مہینے کا اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔ اس سے قبل 24 فروری 2016 کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 20.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا۔ ماہرین کے مطابق درجہ حرارت میں اچانک اضافے کی وجہ صاف آسمان اور مغربی ہواؤں (ویسٹرن ڈسٹربنس) کی عدم موجودگی ہے۔ محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ 26 اور 27 فروری کے آس پاس مغربی سلسلہ واپس آ سکتا ہے، جس کے باعث ہلکی بارش اور درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے۔
 
تاہم مقامی لوگ موسم میں اچانک تبدیلی پر حیران اور فکرمند ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ فروری میں اتنی گرمی غیر معمولی ہے اور اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو مستقبل میں پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق عام طور پر اپریل میں کھلنے والے پھولوں کا وقت سے پہلے کھلنا بھی اسی غیر معمولی موسمی تبدیلی کا نتیجہ ہے۔ بدلتے موسم نے نہ صرف مقامی باشندوں بلکہ ماہرین کو بھی تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔