تلنگانہ کے کاماریڈی ضلع سے ایک چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ یہاں چلتے آٹو رکشہ سے کودنے کے بعد آٹھویں جماعت کی طالبہ کی موت ہو گئی۔ واقعہ کے بعد والدین نے اسکول پر لاپرواہی کا الزام لگایا ہے۔ واقعہ مکمل طور پر سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہو گیا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چلتے آٹو سے ایک ایک کرکے کئی طالبات کود رہی ہیں۔ تاہم ان میں سے ایک طالبہ سیمنٹ کی سڑک پر گر گئی، جس سے اس کے سر میں شدید چوٹ لگی۔ اسے فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا، لیکن ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
چلتی آٹو سے کودی طالبہ:
بتا دیں کہ معاملہ کاماریڈی ضلع کے بنسواڑہ کا ہے۔ یہاں تلنگانہ سوشل ویلفیئر رہائشی اسکول کی 13 سالہ طالبہ کی اتوار کی رات چلتی آٹو سے گرنے کے بعد موت ہو گئی۔ واقعہ کے بعد طالبہ کے اہل خانہ نے اس معاملے میں اسکول پر لاپرواہی کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے احتجاج کیا اور پولیس میں مقدمہ درج کرایا ہے۔ طالبہ مدنور منڈل کے کوڈیچرلا گاؤں کی رہنے والی تھی اور کلاس 8 کی طالبہ تھی۔ یہ واقعہ بورلم گاؤں میں لڑکیوں کے رہائشی ا سکول میں اتوار کی شام تقریباً 7:40 بجے پیش آیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی:
افسران نے بتایا کہ پیر کو یوم جمہوریہ کے پروگرام کے لیے پلاسٹک کی کرسیاں لے کر ایک آٹو رکشہ کیمپس میں آیا تھا۔ طالبات نے کرسیاں اتارنے میں مدد کی۔ کرسیاں اتارنے کے بعد، مبینہ طور پر چار لڑکیاں ا سکول گیٹ تک آٹو رائیڈ کے لیے آٹو کے اندر بیٹھ گئیں۔ بنسواڑہ پولیس کے مطابق، ڈرائیور نے لڑکیوں کو اترنے دینے کے لیے گیٹ کے پاس آٹو کو آ ہستہ کیا۔ تاہم آٹو رکنے سے پہلے ہی طالبات اس پر سے کود گئیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں تین طالبات کو آٹو سے کودتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اسکول انتظامیہ کے خلاف شکایت:
اسی دوران متاثرہ طالبہ چلتی آٹو سے کودی اور سیمنٹ کی سڑک پر گر گئی، جس سے اس کے سر میں شدید چوٹ لگی۔ اسکول سٹاف اسے بنسواڑہ کے سرکاری ہسپتال لے گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ پولیس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔ اسکول انتظامیہ کے مطابق ان لڑکیوں نے اسکول گیٹ تک آٹو میں گھمانے کی درخواست آٹو والے سے کی تھی۔ آٹو میں بیٹھنے کے بعد جب آٹو والے نے رفتار کم نہیں کی تو لڑکیاں ڈر گئیں اور ایک کے بعد ایک آٹو سے کود گئیں۔