Saturday, January 24, 2026 | 05, 1447 شعبان
  • News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • پاکستان میں شادی کی تقریب کے دوران خود کش حملہ،7 افراد ہلاک،خوشیاں ماتم میں تبدیل

پاکستان میں شادی کی تقریب کے دوران خود کش حملہ،7 افراد ہلاک،خوشیاں ماتم میں تبدیل

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: Jan 24, 2026 IST

پاکستان میں شادی  کی تقریب کے دوران خود کش حملہ،7 افراد ہلاک،خوشیاں ماتم میں تبدیل
پاکستان کے خیبر پختونخوا علاقے میں ایک شادی کی تقریب میں خودکش حملہ ہوا ہے۔ اس حملے میں 7 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 10 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ واقعے کے حوالے سے ڈیرہ اسماعیل خان کے ضلعی پولیس افسر سجاد احمد صاحبزادہ نے کہا کہ یہ ایک خودکش حملہ تھا۔
 
انہوں نے بتایا کہ شادی کی تقریب میں مہمان ڈانس کر رہے تھے کہ اچانک حملہ آور نے خود کو دھماکہ سے اڑا دیا۔ دھماکے کے بعد کمرے کی چھت گر گئی، جس سے امدادی کاروائیوں میں شدید رکاوٹ پیدا ہوئی اور ملبے تلے پھنسے لوگوں تک پہنچنا انتہائی مشکل ہو گیا۔
 
پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے کہا ہے کہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ امن کمیٹی کے ایک اہم رکن وحید اللہ محسود عرف جگری محسود بھی ہلاکتوں میں شامل ہیں۔ ادھر، خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور انسپکٹر جنرل آف پولیس سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔
 
دھماکے کے بعد ڈیرہ اسماعیل خان ضلع کے مرکزی ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، خیبر پختونخوا ریسکیو 1122 کے ترجمان بلال احمد فیضی نے بتایا کہ اب تک 5 لاشیں اور 10 زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی 7 ایمبولینسیں، ایک فائر بریگیڈ اور ایک ڈیزاسٹر ریلیف گاڑی جائے وقوعہ پر روانہ کی گئیں۔ ریسکیو اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔