Thursday, September 04, 2025 | 12, 1447 ربيع الأول
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • !ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا کا متنازع بیان،امیت شاہ کا'سر 'کاٹ کر میز پر رکھ دینا چاہیے

!ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا کا متنازع بیان،امیت شاہ کا'سر 'کاٹ کر میز پر رکھ دینا چاہیے

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Aug 29, 2025 IST     

image
ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا نے وزیرداخلہ امیت شاہ کے حوالے سے ایک متنازع بیان دیا ہے۔ مہوا موئترا نے یہ بیان مغربی بنگال کے ندیا ضلع میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران دیا۔ جب صحافیوں نے ان سے غیرقانونی دراندازی کے بارے میں سوال کیا تو جواب دیتے ہوئے مہوا موئترا نے یہ متنازع ریمارکس کیے۔
 
مہوا موئترا نے کہا کہ وزیرداخلہ امیت شاہ سے میرا سوال ہے کہ وہ بار بار ’درانداز، درانداز، درانداز‘ کہہ رہے ہیں۔ ہماری جو سرحد ہے، اس کی حفاظت کرنے والی ایجنسی مرکزی وزیرداخلہ کے ماتحت آتی ہے۔ وزیراعظم نے 15 اگست کو لال قلعہ سے کہا کہ دراندازی ہو رہی ہے اور اس کی وجہ سے آبادی کا توازن بدل رہا ہے۔
 
نیوز 24 کی رپورٹ کے مطابق مہوا موئترا نے کہا کہ جب وزیراعظم یہ بات کہہ رہے تھے تو سامنے بیٹھے وزیرداخلہ دانت نکال کر ہنس رہے تھے اور تالیاں بجا رہے تھے۔ کیا ہماری سرحدوں کی حفاظت کرنے والا کوئی نہیں ہے؟ کیا دوسرے ممالک سے لاکھوں کروڑوں لوگ بھارت میں گھس رہے ہیں؟ اگر ان کی نظر ہماری ماؤں بہنوں پر ہے، اگر وہ ہماری زمینیں ہڑپ رہے ہیں تو سب سے پہلے امیت شاہ کا سر کاٹ کر میز پر رکھنا چاہیے۔
 
مہوا موئترا نے کہا کہ اگر وزیرداخلہ بھارت کی سرحدوں کی حفاظت نہیں کر سکتے، وزیراعظم خود کہتے ہیں کہ باہر سے لوگ آکر ہماری ماؤں بہنوں پر نظر ڈال رہے ہیں، ہماری زمینیں چھین رہے ہیں تو پھر یہ غلطی کس کی ہے؟ کیا یہ میری اور آپ کی غلطی ہے؟ یہاں تو بی ایس ایف ہے۔ بنگلہ دیش ہمارا دوست ملک رہا ہے لیکن آپ کی وجہ سے پچھلے کئی سالوں میں یہ صورتحال بدل چکی ہے۔
 
واضح رہے کہ یہ کوئی پہلا موقع نہیں ہے جب مہوا موئترا نے متنازع بیان دیا ہو۔ اس سے پہلے انہوں نے 2022 میں جین برادری پر تبصرہ کیا تھا۔ انہوں نے احمدآباد میں گوشت خور غذا پر پابندی کے حوالے سے جین برادری کا ذکر کیا، جس کے بعد تنازع کھڑا ہوا تھا۔ 2021 میں مہوا موئترا نے سابق چیف جسٹس رنجن گوگوئی پر قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا۔ 2022 میں موئترا نے لینا منیمیکلائی کی دستاویزی فلم ’کالی‘ کے پوسٹر پر اٹھے تنازع کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے لیے ماں کالی گوشت اور شراب قبول کرنے والی دیوی ہیں۔