الیکشن کمیشن نے تمل ناڈو میں ووٹر لسٹ کے اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) کے بعد جمعہ19 دسمبر کو ترمیم شدہ ووٹر لسٹ کا ڈرافٹ جاری کر دیا ہے۔ دی نیو انڈین ایکسپریس کے مطابق، تمل ناڈو کے تمام 38 اضلاع میں SIR کی کاروائی کے بعد ریاست میں موجود 6.41 کروڑ ووٹروں میں سے 97 لاکھ سے زائد نام ووٹر لسٹ سے ہٹا دیے گئے ہیں۔ سب سے زیادہ ووٹر کوئمبٹور میں ہٹائے گئے ہیں، جن کی تعداد تقریباً 6.5 لاکھ ہے۔
چنئی میں 35.6 فیصد نام کاٹے گئے:
رپورٹ کے مطابق، ریاست میں کل 97.4 لاکھ نام کاٹے گئے ہیں، جن میں سے 66 لاکھ افراد کو منتقلی کی وجہ سے ہٹایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 27 لاکھ فوت شدہ افراد کے نام، 13.6 لاکھ افراد کو غائب رہنے کی وجہ سے، 3.98 لاکھ افراد کو ڈپلیکیٹ ووٹر ہونے کی وجہ سے اور 16,400 افراد کو دیگر وجوہات سے ہٹایا گیا ہے۔ چنئی میں سب سے بڑی 35.6 فیصد کمی دیکھی گئی ہے۔ یہاں 40.04 لاکھ ووٹر تھے، جن میں سے 14.25 لاکھ ووٹر ہٹائے گئے ہیں۔
ووٹروں کو دعووں اور اعتراضات کے لیے ملے گا موقع :
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ڈرافٹ لسٹ جاری ہونے کے بعد ووٹر 20 دسمبر سے اپنے دعوے اور اعتراضات جمع کر سکتے ہیں۔ جن ووٹروں کا لسٹ میں نام نہیں ہے، وہ فارم-6 بھر سکتے ہیں۔ فروری میں حتمی لسٹ کے شائع ہونے سے پہلے مقررہ مدت کے اندر دعووں اور اعتراضات کا تصفیہ کیا جائے گا۔ ریاست میں کوئمبٹور میں 6.5 لاکھ، ڈنڈیگل میں 2.34 لاکھ، کرور میں 79,690 اور کانچی پورم میں 2.74 لاکھ ووٹروں کے نام ہٹائے گئے ہیں۔