حیدرآباد سمیت تلنگانہ کے کئی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر میں لنگم پلی، میاں پور، گچی باولی، مادھا پور، جوبلی ہلز، امیر پیٹ، نامپلی، دلسکھ نگر، ایل بی نگر، حیات نگر، میڑچل، شاہ میربیٹ اور دیگر مقامات پر منگل کی رات سے بارش ہو رہی ہے۔اس کے علاوہ متحدہ نلگنڈہ اور کریم نگر ضلع کے مختلف حصوں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔ نلگنڈہ، سوریا پیٹ، بھونگیر، یادگیر گٹہ، آلیر کے علاوہ دیگر اضلاع میں بھی شدید بارش ہورہی ہے۔ بھونگیر منڈل کے نندنا گاؤں میں موسلا دھار بارش ہوئی جبکہ سنگاریڈی گوڑم ریلوے انڈر پاس پل پر پانی جمع ہو گیا۔
وقار آباد ضلع میں منگل کی رات سے مسلسل بارش ہو رہی ہے۔ جس کی وجہ سے کوٹ پلی پروجیکٹ کے دروازے کھول کر پانی چھوڑا گیا۔ کاما ریڈی ضلع میں بھی کئی مقامات پر بارش ہوئی۔ دوماکنڈہ، بی بی پیٹ، پالونچہ ۔ نظام ساگر اور لنگم پیٹ میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ ایلا ریڈی منڈل کے لکشما پور میں کلورٹ ٹوٹ جانے سے سڑک کو نقصان پہنچا اور ٹریفک متاثر ہو گئی۔ اسی طرح سدی پیٹ ضلع کے گجویل، دوبارک اور دولت آباد میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ متحدہ میدک ضلع کے لیے محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کیا ہے اور پیش گوئی کی ہے کہ مانجرا ندی میں بھاری سیلاب آنے کا امکان ہے۔ اس دوران حیدرآباد کے بشمول دیگر کئی اضلاع کیلئے بھی الرٹ جاری کیاگیاہے۔
اے پی کے شمالی اور ساحلی اضلاع بھی شدید بارش کی لپیٹ میں:
محکمہ موسمیات کے حکام نے کہا کہ خلیج بنگال میں اوڈیشہ کے ساحل سے کم دباؤ کا علاقہ بن گیا ہے۔ اس کی وجہ سے آندھراپردیش کے شمالی اور ساحلی اضلاع میں مسلسل بارش ہورہی ہے۔ کئی مقامات پر موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔ اسی سلسلے میں وشاکھاپٹنم ایک بار پھر سیلاب کی زد میں آ رہا ہے۔ گزشتہ 12 گھنٹوں میں آنند پورم، مہارانی پیٹ اور پیندورتھی میں 5 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔کم دباؤ کے علاقے نے کاکیناڈا ضلع کے اپاڈا ساحل کو متاثر کیا ہے۔ سمندر میں بڑی تبدیلیاں آئی ہیں ۔اس کے علاوہ کاکیناڈا دیہی وکلا پوڈی تک سڑک کئی جگہوں پر تباہ ہو گئی ہے۔
مقامی لوگوں کو مشکلات کا سامنا:
بڑے بڑے گڑھوں کی وجہ سے موٹر سائیکل سواروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ اطلاعت کے مطابق کئی نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوگیاہے جس کے باعث مقامی لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔اناکاپلی میں صبح سے ہی موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔ وقفے وقفے سے بارش نے ٹریفک کو درہم برہم کر دیا۔ اناکاپلی میں پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے ایک نجی گاڑی انڈر برج میں پھنس گئی۔ صبح سے جاری بارش کے باعث طلباء اور ملازمین کو سفر کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔