Tuesday, March 17, 2026 | 27 رمضان 1447
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • تلنگانہ اسمبلی کا بجٹ اجلاس دوسرے دن جاری

تلنگانہ اسمبلی کا بجٹ اجلاس دوسرے دن جاری

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Alam | Last Updated: Mar 17, 2026 IST

تلنگانہ اسمبلی کا بجٹ اجلاس دوسرے دن جاری
تلنگانہ اسمبلی کا بجٹ اجلاس جاری ہے۔ اسمبلی میں آج گورنر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر بحث ہورہی ہے۔ یہ تحریک ایم ایل اے بالو نائک نے پیش کی تھی اور اس کی تائید سرکاری وہپ آدی سری نواس نے کی تھی۔ تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے بجٹ سیشن میں جو دوسرے دن بھی جاری ہے، قائد ایوان اور چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سب سے پہلے بزنس اڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی رپورٹ پیش کی۔ اس کے بعد 2015 سے 2023 تک مختلف سالوں کی تلنگانہ انفارمیشن کمیشن کی سالانہ رپورٹس ایوان کے سامنے پیش کی گئیں۔ اسی طرح آئی ٹی اور صنعت کے وزیر ڈی سریدھر بابو نے سال 2021-22 کیلئے تلنگانہ ٹریڈ پروموشن کارپوریشن لمیٹڈ کی 8ویں سالانہ رپورٹ پیش کی۔ 
 
ادھر دوسری جانب قانون ساز کونسل میں بھی دوسرے دن گورنر کی تقریر پر شکریہ کی تحریک پر بحث جاری ہے۔ ایم ایل سی مہیش کمار گوڑ نے ایوان میں گورنر شیو پرتاپ شکلا کی تقریر پر شکریہ کی تحریک پیش کی۔ ایم ایل سی ای دیاکر نے شکریہ کی تحریک کی تائید کی۔ قانون ساز کونسل کا بجٹ اجلاس صبح 10 بجے شروع ہوا اور سب سے پہلے بی اے سی اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی رپورٹ ایوان میں پیش کی گئی۔ اس کے بعد تلنگانہ انفارمیشن کمیشن کی سالانہ رپورٹس ایوان میں پیش کی گئیں۔ آئی ٹی اور صنعت کے وزیر ڈی سریدھر بابو نے تلنگانہ ٹریڈ پروموشن کارپوریشن لمیٹڈ کی 8ویں سالانہ رپورٹ برائے سال 2021-22 ایوان کی میز پر رکھی۔ تلنگانہ اسٹیٹ لیدر ڈیولپمنٹ انڈسٹریز پروموشن کارپوریشن لمیٹڈ کی چوتھی سالانہ رپورٹ اور اکاؤنٹس برائے سال 2018-19 ایوان میں پیش کیے گئے۔
 
ریٹائرڈ ملازمین کے مسائل پر اسمبلی میں بی آر ایس نے قرارداد پیش کی۔ سابق وزیر ہریش راؤ اور بی آر ایس ایم ایل ایز نے اسمبلی سکریٹری کو التوا کی قرارداد پیش کی۔بی آر ایس نے مطالبہ کیاکہ زیر التواء ریٹائرمنٹ فوائد، گریجویٹی اور  جی پی ایف کے واجبات فوری طور پر ادا کیے جائیں۔سابق وزیر ہریش راو نے کہاکہ واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث ریٹائرڈ ملازمین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ بجٹ میں ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کیلئے فنڈز مختص کیے جائیں۔