• News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام ، تلنگانہ سی ایم عدالت میں ہوئے پیش

انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام ، تلنگانہ سی ایم عدالت میں ہوئے پیش

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: May 22, 2025 IST     

image
 
 تلنگا نہ کے وزیراعلیٰ  اے ریونت ریڈی جمعرات کو نامپلی کی خصوصی عدالت میں پیش ہوئے۔ ریونت ریڈی پر گزشتہ اسمبلی  الیکشن کے دوران  انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے بیگم بازار، نلگنڈہ اور میدک پولیس اسٹیشنوں کے حدود میں مقدمات درج کئے گئے تھے۔ ریونت ریڈی  وزیراعلیٰ  کا عہدہ  سنبھالنے کے بعد دوسری مرتبہ عدالت میں حاضر ہوئے۔ ان کی یہ حاضری گزشتہ اسمبلی انتخابات کے دوران ریزرویشن سے متعلق دیئے گئے بیانات پر درج مقدمہ کی سماعت کے سلسلہ میں ہوئی ہے۔
 
 اس کیس کی سماعت نامپلی میں واقع عوامی نمائندوں کی عدالت میں جاری ہے۔نلگنڈہ ٹو ،ٹاؤن، بیگم بازار، اور میدک ضلع کے کوڈی پلی پولیس اسٹیشن کے حدود میں درج تین مختلف مقدمات میں ریونت ریڈی شخصی طور پر عدالت کے جج کے سامنے پیش ہوئے۔
 
ریونت ریڈی نے عدالت میں ان پرلگائے گئے الزامات سے انکار کیا۔ کارروائی کے دوران، ریونت ریڈی نے جج کو بتایا کہ الزامات سیاسی اور جھوٹی بنیادوں پر مبنی ہیں۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ وہ کوئی غیر قانونی کام نہیں کئے۔ اور ایف آئی آر کو "بے بنیاد اور انتقامی" قرار دیا۔ عدالت نے ریونت ریڈی کا بیان ریکارڈ کرایا۔
 
 
 ریونت ریڈی کا کہنا ہےکہ اْس وقت کی بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) حکومت نے جان بوجھ کر سیاسی انتقام کے ایک حصے کے طور پر مقدمات درج کیے تھے جس کا مقصد انتخابی موسم کے دوران اپوزیشن لیڈروں کو نشانہ بنانا تھا۔ریونت ریڈی کے بیان کو ریکارڈ کرنے کے بعد، خصوصی عدالت نے اگلی سماعت  12 جون کو مقرر کیا۔ قانونی مبصرین  کو توقع ہے کہ نتیجہ اس بات کی نظیر قائم کرے گا کہ ریاست میں سیاسی شخصیات پر مشتمل اسی طرح کے معاملات کو آگے کیسے چلایا جاتا ہے۔