ہندوستان کے سابق وزیراعظم اور بھارت رتن راجیو گاندھی کی آج 34 ویں برسی پر انہیں ملک بھر میں خراج عقیدت پیش کیاجارہاہے۔ اس سلسلہ میں تلنگانہ کانگریس کی جانب سے بھی سابق وزیراعظم کو خراج عقیدت پیش کیاگیا۔ تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سکریٹریٹ میں سابق وزیراعظم کے مجسمے پر پھول چڑھاکر انہیں خراج پیش کیا۔ اس موقع پر تلنگانہ پردیش کانگریس صدر مہیش کمار گوڑ۔ سابق ایم پی وی ہنمنت راو۔ راجیہ سبھا ایم پی انیل کمار یادو۔ جی ایچ ایم سی میئر وجئے لکشمی کے علاوہ سابق رکن اسمبلی جگاریڈی اور دیگر موجود تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہاکہ ملک گاندھی خاندان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ جدید ہندوستان کی بنیاد کا سہرا راجیو گاندھی کے سرجاتاہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ بھارت رتن راجیو گاندھی نے اپنی شاندار اور دور اندیش قیادت کے ذریعہ ہندوستان کو دنیا بھر میں منفرد مقام دلایا۔
آپ (راجیو گاندھی )کی یادیں ہمیشہ میرے دل میں رہیں گی:راہول گاندھی
سابق وزیراعظم اور کانگریس لیڈر راجیو گاندھی کی آج 34 ویں برسی منائی جارہی ہے۔ 21 مئی 1991 کو ٹاملناڈو میں ایک انتخابی ریالی کے دوران ایک خودکش بمبار نے انہیں قتل کردیا تھا۔کانگریس صدر ملکارجن کھرگے۔ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی۔ پرینکا گاندھی اور پارٹی کے دیگر کئی اہم قائدین نے آج سابق وزیراعظم کو خراج پیش کیا۔ راہول گاندھی نے اپنے پیام میں کہاکہ آپ کے خواب میرے خواب۔ آپ کی خواہشات میری ذمہ داریاں ہیں۔
راہول گاندھی نے کہاکہ آپ کی یادیں ہمیشہ میرے دل میں رہیں گی۔ یاد رہے کہ راجیو گاندھی نے 1984 سے 1989 تک ہندوستان کے وزیر اعظم کے طور پر خدمات انجام دیں جس نے ملک کیلئے ایک اہم تبدیلی کا دور قرار دیا۔ وہ وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے والے اب تک کے سب سے کم عمر شخص ہیں۔ ان کی عمر 46 سال تھی اور وہ انتخابات کیلئے مہم چلا رہے تھے جب ایک خودکش حملہ آور نے انہیں قتل کر دیا۔ اس موقع پر ایک سینئر پولیس افسر کے ہمراہ جملہ 14 افراد ہلاک ہوئے تھے۔