Tuesday, November 18, 2025 | 27, 1447 جمادى الأولى
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • مدینہ منورہ میں بس سانحہ: تلنگانہ حکومت کا وفد پہنچا سعودی عرب

مدینہ منورہ میں بس سانحہ: تلنگانہ حکومت کا وفد پہنچا سعودی عرب

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Nov 18, 2025 IST

  مدینہ منورہ میں بس سانحہ: تلنگانہ حکومت کا وفد پہنچا سعودی عرب
سعودی عرب میں اتوار کو عمرہ زائرین کی ایک بس حادثہ کا شکار ہوگئی۔ اس حادثہ میں ہلاک ہونے والوں کا تعلق حیدرآباد سے ہے۔ تلنگانہ حکومت نے اس حادثہ کے بعد فوری اقدام کے طور پر کئی حکومتی وفد سعودی عرب پہنچ چکا ہے۔ اس وفد میں تلنگانہ کےوزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین اور نامپلی ایم ایل اے ماجد حسین تلنگانہ کے محکمہ اقلیتی بہبود کے سکریٹری بی شفیع اللہ بھی شامل ہیں۔

    قونصل جنرل آف انڈیامتعینہ سعودی عرب ملاقات 

 حکومت نے ملک اور بیرونِ ملک دونوں سطحوں پرلازمی رسمی کاروائیوں کو تیز کرنے کے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ تلنگانہ کےوفد نے قونصل جنرل آف انڈیا متعینہ سعودی عرب فہد احمد خان سوری سے ملاقات کی۔ اور حادثے کی تفصیلات حاصل کی۔ اور ساتھ ہی وفات پانےوالے افراد کی آخری رسومات کے اقدامات پرتفصیلی بات چیت کی۔

 حکومت وفد سعودی عرب میں مصروف

حکومت کا اعلیٰ سطحی وفدسعودی عرب میں ہے۔ یہ وفد تمام رسمی کاروائیوں، سفارتی رابطوں اور متاثرہ خاندانوں کی رہنمائی کرےگا۔ جو لوگ اپنے رشتہ داروں کی تدفین سعودی عرب میں کرنا چاہتےہیں ۔ ان کے رشتہ داروں کی وہیں تدفین ہوگی۔ اورجو لوگ اپنے رشتہ داروں کی میتوں کو وطن واپس لا کر آخری رسومات کرنا چاہتےہیں۔ اس پر بھی کاروائی کی جا گئے گی۔ حکومت  وفد میں تلنگانہ  کے وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین، نامپلی ایم ایل اے ماجد حسین۔کیونکہ بیشتر متاثرین کا تعلق اسی حلقہ سے ہےاور سکریٹری اقلیتی بہبود بی شفیع اللہ شامل ہیں۔

 حیدرآباد سمیت دنیا بھر میں غم کا ماحول 

واضح رہےکہ اتوار کی رات  ہوئے اس حادثہ کے بعد حیدرآباد باد سمیت ملک اور بیرون ملک میں غم کا ماحول  دیکھا گیا ہے۔ سعودی عرب کے مدینہ روڈ پرعمرہ زائرین کی بس اور ٹینکر کے درمیان خوفناک حادثہ میں جاں بحق ہونے والے تلنگانہ کے زائرین کے اہلِ خانہ کی امداد کے لیے تلنگانہ حکومت نے اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے۔

 تلنگانہ حکومت کے اقدامات 

 کابینہ اجلاس کےبعد ریاستی وزیر پی سرینواس ریڈی اور تلنگانہ حکومت  کے مشیر محمد علی شبیر نے بتایا کہ ممکنہ طور پر 44 عمرہ زائرین اس حادثے میں جاں بحق ہوئے، جن کی بس مکہ سے مدینہ جاتی ہوئی تقریباً 25 کلو میٹر پہلے ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ انہوں نے کہا کہ حادثہ اتنا شدید تھا کہ تقریباً تمام افراد موقع پر ہی لقمۂ اجل بن گئے اور مقامِ حادثہ دل دہلانے والے مناظر پیش کر رہا تھا۔انہوں نے بتایا کہ صبح حادثہ کی خبر ملتے ہی چیف منسٹر کو اطلاع دی گئی جس کے بعد فوری احکامات جاری کیے گئے۔ انتظامیہ کو ہدایت دی گئی کہ وہ متاثرہ خاندانوں سے شخصی طور پر ملاقات کریں اور تمام ضروری کاروائیوں کا جائزہ لیں۔

 حکومت کا مکمل تعاون

محمد علی شبیر نے بتایا کہ تلنگانہ حکومت، حکومتِ ہند اور سعودی حکام کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ جن خاندانوں کی خواہش ہو کہ ان کے عزیزوں کی تدفین مدینہ شریف میں ہو، مذہبی اہمیت کے پیشِ نظر حکومت مکمل تعاون کرے گی۔ اگر اہلِ خانہ آخری رسومات میں شرکت یا شناخت کے لیے سعودی عرب جانا چاہیں تو ریاستی حکومت تمام سفر اور متعلقہ اخراجات برداشت کرے گی۔

 ویزا کی کاروائی جاری 

شبیر علی نے مزید بتایا کہ 44 پاسپورٹس متعلقہ محکموں کو وصول ہو چکے ہیں اور ویزا کی کاروائی شروع ہو گئی ہے۔ جوائنٹ ڈائریکٹر اور دیگر افسران تیز رفتار دستاویزی کارروائی کے لیے سرگرم ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام اقدامات چیف منسٹر کی ہدایات پر فوری طور پر نافذ کئے جائیں گے اور حکومت متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن اخلاقی و انتظامی تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تلنگانہ حکومت اس مشکل گھڑی میں اپنے شہریوں کے ساتھ کھڑی ہے، خواہ وہ ملک میں ہوں یا سعودی عرب میں ہوں۔