تھائی لینڈ میں بدھ کے روز ایک بڑا ریل حادثہ پیش آیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حادثے میں 22 افراد کی موت ہو گئی ہے، تاہم ہلاکتوں کی تعداد کی ابھی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔یہ حادثہ بدھ کی صبح تقریباً 9:05 بجے بینکاک سے 230 کلومیٹر (143 میل) شمال مشرق میں واقع ناکھون رتچاسیما صوبے میں پیش آیا۔
حکام کے مطابق ہائی اسپیڈ ریل پل کی تعمیر میں استعمال ہونے والی ایک کرین تیز رفتاری سے گزر رہی مسافر ٹرین پر گر گئی، جس کے باعث ٹرین پٹری سے اتر گئی۔ ڈرائیور کو بریک لگانے کا موقع تک نہیں ملا۔ پٹری سے اترتے ہی ٹرین کے ڈبوں میں آگ لگ گئی۔
حکام نے بتایا کہ ٹرین کے کوچز میں موجود زیادہ تر مسافر اسکول کے طلبہ تھے۔ حادثے میں 40 مسافر زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ متعدد مسافر ڈبوں میں پھنس گئے تھے، جنہیں کاٹنے اور پھیلانے والے آلات کی مدد سے باہر نکالا جا رہا ہے۔ ریسکیو ٹیم اب تک 12 لاشیں برآمد کر چکی ہے۔
حادثے کے چند منٹ بعد ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ بچاؤ اہلکاروں کے مطابق آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، تاہم راحت و بچاؤ کا کام اب بھی جاری ہے اور ملبے میں پھنسے افراد کی تلاش کی جا رہی ہے۔
اب تک 12 لاشیں برآمد ہو چکی ہیں۔ انتظامیہ اور ریلوے حکام اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ کرین کیوں گری اور آیا حفاظتی ضوابط کی پابندی کی گئی تھی یا نہیں۔ مقامی لوگ اور متاثرہ خاندان اس المناک حادثے سے صدمے میں ہیں۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔