Tuesday, October 21, 2025 | 29, 1447 ربيع الثاني
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کو نہیں کیاجاسکتا کبھی فراموش:تلگو ریاستوں کے وزرائے اعلی نے پیش کی خراج عقیدت

بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کو نہیں کیاجاسکتا کبھی فراموش:تلگو ریاستوں کے وزرائے اعلی نے پیش کی خراج عقیدت

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Oct 21, 2025 IST

بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کو نہیں کیاجاسکتا کبھی فراموش:تلگو ریاستوں کے وزرائے اعلی نے پیش کی خراج  عقیدت
تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج  یوم پولیس یادگار  کے موقع پر حیدرآباد کے گوشہ محل میں پولیس فلیگ ڈے پریڈ میں حصہ لیا اور شہید پولیس جوانوں کو خراج پیش کیا۔ اس موقع پر ریاست کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس اور دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے کہاکہ پولیس کا مطلب معاشرے کیلئے ایک اعتماد اور یقین دہانی ہے۔چیف منسٹر نے کہاکہ اگر انہیں اپنے فرائض کی انجام دہی میں جان خطرہ میں ڈالنی پڑے تو بھی پولیس کبھی پیچھے نہیں ہٹتی۔جہاں ایک طرف خون بہایا جا رہا ہے وہاں بہت سے ہیروز ہیں جنہوں نے ہماری حفاظت کیلئے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔
 
ریونت ریڈی نے کہاکہ ہم سب کا فرض ہے کہ ہم ان پولیس شہداء کو یاد رکھیں جنہوں نے اپنے فرائض کی انجام دہی میں ملک کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ریونت ریڈی نے مزید کہاکہ اسی ذمہ داری کے ساتھ ہم ہر سال 21 اکتوبر کو پورے ملک میں پولیس فلیگ ڈے مناتے ہیں۔چیف منسٹر نے کہاکہ اس موقع پر ہم پولیس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے فرائض کی انجام دہی میں بہادری سے جام شہادت نوش کیا۔
 
اس دوران تلنگانہ کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس بی شیوادھر ریڈی نے بھی پولیس یادگار شہیداں کے موقع پر شہیدوں کو خراج پیش کیا۔ اس موقع پر شیوادھر ریڈی نے تقریب سے خطاب کیا۔ اور اس ملک کی حفظ و امان کے لیے اپنی جانوں کو قربان کرنے والے بہادروں کو یاد کیا۔
 
آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ  نے بھی پیش کی خراج عقیدت:
 
آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ نارا چندرا بابو نائیڈو نے منگل گیری میں یوم شہداء پولیس کے موقع پر منعقدہ ایک پروگرام میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے اے پی ایس پی بٹالین گراؤنڈ میں منعقدہ پروگرام میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔وزیر اعلیٰ نے پروگرام کے آغاز میں سیکورٹی فورسز کی سلامی لی بعد ازاں پولیس شہداء کی یادگار پر پھولوں چڑھا کر خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب میں وزیر داخلہ انیتا اور ڈی جی پی ہریش کمار گپتا کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے۔ اس موقع پر انہوں نے پولیس کی خدمات کو سراہا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ پولیس ہی ہے جو عوام کے تحفظ کیلئے اپنی جانیں خطرے میں ڈال رہی ہے۔چندرابابو نائیڈو نے کہاکہ ترقی اور فلاح و بہبود کا تعلق امن اور سلامتی سے ہے۔ اگر ریاست میں بدامنی ہے تو سرمایہ کاری نہیں آئے گی۔ چندرابابو نائیڈو نے کہاکہ میں جرائم کی شرح کو دبانے پر کبھی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش پولیس پورے ملک میں ایک برانڈ بن چکی ہے۔ چیف منسٹر نے یاد دلایا کہ انہوں نے بدمعاشی، نکسل ازم اور گروپ بندی پر آہنی قدم رکھ کر پولیس کا وقار بڑھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ پولیس سخت ہے لیکن ان میں انسانیت زیادہ ہے۔
 
تلنگانہ کانگریس صدر  نے بھی پیش کی خراج :
 
تلنگانہ پردیش کانگریس کے صدر اور ایم ایل سی مہیش کمار گوڑ نے بھی پولیس یادگار شہیداں کے موقع پر شہیدوں کو خراج پیش کیا۔ اپنے ایک ٹویٹ میں مہیش کمار ریڈی نے کہاکہ جمہوریت کے تحفظ اور امن و امان کی برقراری میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس ہیروز کو ہمارا خراج ۔ انہوں نے کہاکہ آج پولیس شہداء کے یادگاری دن کے موقع پر ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا جنہوں نے فرائض کی ادائیگی میں اپنی جانیں قربان کیں۔ مہیش کمار گوڑ نے کہاکہ پولیس جوان شہریوں کی حفاظت کیلئے ہر وقت اپنی جان خطرہ میں ڈالتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک۔ ریاست اور شہروں کو پرامن بنائے رکھنے میں پولیس کا رول ناقابل فراموش ہے۔