راجستھان کے ضلع جھالاواڑ سے ایک افسوس ناک خبر سامنے آئی ہے۔یہاں ایک نئی شادی شدہ جوڑے کی دردناک سڑک حادثہ میں موت ہوگئی ،یہ حادثہ رات دیر گئے اس وقت پیش آیا جب یہ جوڑے مندر سے درشن کر کے واپس گھر لوٹ رہے تھے۔حادثہ اتنا شدید تھا کہ ٹکر کے بعد موٹر سائیکل کے پرخچے اڑ گئے اور اس میں آگ لگ گئی، جس کے کچھ ہی دیر بعد موٹر سائیکل جل کر راکھ ہو گئی۔جوڑے نے تین دن قبل ہی ایک دوسرے کا ہاتھ تھاما تھا، ابھی دلہن کے ہاتھوں کی مہندی بھی نہیں اتری تھی۔ کہ ان دونوں کی زندگی کا سفر یہیں تمام ہو گیا۔ان دونوں کے ساتھ ایک 13 سالہ بچہ بھی تھا ،جسکی اس حادثہ میں موقع پر ہی موت ہو گئی۔اس افسوس ناک واقعہ کے بعد جوڑے کے گھر میں ماتم چھایا ہوا ہے۔
کیسے پیش آیا یہ حادثہ:
اکلیرا پولیس اسٹیشن کے انچارج بھوپیش نے بتایا کہ باراں ضلع کے گاؤں سارتھل کے رہائشی اور نئی شادی شدہ جوڑے دھنراج اور خوشبو بھیل کی تین دن قبل شادی ہوئی تھی۔ یہ جوڑے اپنے ہ رشتہ دار کے 13 سالہ بچے کے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار ہو کر مندر درشن کے لیے گیا تھا۔ درشن کے بعد گاؤں واپسی کے دوران پرون ندی کے پل پر ایک نامعلوم گاڑی نے ان کی موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں دھنراج، خوشبو اور 13 سالہ بچے کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔
تین دن قبل ہوئی تھی شادی :
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اکلیرا پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ تینوں کو اکلیرا اسپتال لایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ اس وقت تینوں لاشیں اکلیرا اسپتال کے مردہ خانے میں رکھی گئی ہیں۔ پولیس نے نامعلوم ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ دوسری جانب اطلاع ملتے ہی اکلیرا اسپتال پہنچنے والے متوفی کے لواحقین کا رو رو کر برا حال ہے۔ پورے خاندان میں سوگ کا سماں ہے۔ جوڑے کی شادی صرف تین روز قبل ہوئی تھی ۔ جہاں ایک طرف گھر والے شادی کی خوشیاں منا رہے تھے وہیں اب غم کا لہر چھا گیا ہے۔