Thursday, July 03, 2025 | 08, 1447 محرم
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • یوپی کے ہاپورضلع میں المناک سڑک حادثہ:ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی موت ،چار معصوم بچے شامل

یوپی کے ہاپورضلع میں المناک سڑک حادثہ:ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی موت ،چار معصوم بچے شامل

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Jul 03, 2025 IST     

image
اتر پردیش کے ہاپورضلع میں ایک بڑا سڑک حادثہ پیش آیا ہے ۔ بلند شہر ہاپورروڈ ہائی وے پر تیز رفتار ٹرک کی زد میں آکر بائک پر سوار چار معصوم بچوں کے ساتھ ایک شخص کی موت ہوگئی۔حادثہ نیشنل ہائی وے-334 پر اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار کنٹر نے بائک کو ٹکر مار دی۔معلومات کے مطابق، رفیق نگر کا رہنے والا دانش (40) اپنے دو بچوں سمیرا (10)، مائرہ (11) اور بھائی سرتاج کے بچوں ثمر (8)، میہم (10) کے ساتھ حافظ پور علاقہ میں واقع ایک فارم ہاؤس کے سوئمنگ پول میں نہانے گیا تھا۔اور واپسی میں یہ دردناک حادثہ پیش آیا۔
 
واقعے کے بعد متوفی کے لواحقین میں کہرام مچ گیا۔ پولیس نے تمام جاں بحق افراد کی لاشیں تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی ہیں۔ معلومات کے مطابق محلہ رفیق نگر، ماجد پورہ، ہاپورنگر کوتوالی علاقہ کا رہنے والا 36 سالہ دانش اپنی دو بیٹیوں ماہرہ (عمر 6 سال)، سمیرا (عمر 5 سال)، اپنے بھائی کے بیٹے ثمر (عمر 8 سال) اور بیٹی ماہیرا (عمر 8 سال) کے ساتھ مرشد آباد کے سوئمنگ پول پر گیا تھا۔نہانے کے بعد سب ایک ہی بائک پر ماجد پورہ میں اپنے گھر لوٹ رہے تھے۔
 
واپسی کے دوران دانش چاروں بچوں کو ایک ہی موٹر سائیکل پر لے گیا۔ جیسے ہی دانش کی بائک بلندشہر ہاپورروڈ ہائی وے پر پڑاو کے قریب پہنچی تو اسے ایک تیز رفتار ٹرک نے ٹکر مار دی۔ جس کے بعد دانش اور چاروں بچے شدید زخمی ہو گئے۔ واقعہ کے بعد موقع پر کافی شور و غل مچ گیا۔اطلاع ملتے ہی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے فوری طور پر اس واقعے میں زخمی ہونے والے چار بچوں اور دانش کو ہاپورکے دیونندنی اسپتال میں علاج کے لیے داخل کرایا۔ یہاں ڈاکٹروں نے پانچوں کو مردہ قرار دے دیا۔ 
 
دوسری جانب اطلاع ملتے ہی دانش کے اہل خانہ اسپتال پہنچ گئے۔ جیسے ہی انہیں پتہ چلا کہ سب مر چکے ہیں، خاندان میں کہرام مچ گیا۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ونیت بھٹناگر نے بتایا کہ حافظ پور پولیس اسٹیشن کے تحت بلند شہر روڈ پر ایک گاڑی نے چار بچوں اور بائک پر سوار ایک شخص کو ٹکر مار دی، جس میں پانچوں کی موت ہوگئی۔ پولیس نے گاڑی کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ جاں بحق افراد کی لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔اس حادثے کے بعد علاقے میں سوگ کا ماحول ہے ۔ ایک ہی خاندان کے چار معصوم بچوں سمیت پانچ افراد کی بیک وقت موت سے ہر کوئی غم زدہ ہے۔