امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ہندوستان کے ساتھ تجارتی معاہدہ کرنے کے بہت قریب ہیں۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہم نے کئی عظیم ممالک کے ساتھ معاہدے کیے ہیں۔ شاید ہم ہندوستان کے ساتھ بھی معاہدہ کرنے جا رہے ہیں۔ امریکی صدر نے مزید کہاکہ مجھے نہیں معلوم کہ آگے کیا ہونے والا ہے تاہم ہم بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جب میں خط بھیجوں گا تو وہ معاہدہ ہو جائے گا۔
بھارت کے ساتھ ڈیل انڈونیشیا جیسا ہو گا: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ مجوزہ تجارتی معاہدہ انڈونیشیا کے ساتھ کیے گئے معاہدے کے مطابق ہوگا۔ امریکا اور انڈونیشیا تجارتی معاہدے کے تحت جنوب مشرقی ایشیائی ملک امریکی مصنوعات کو اپنی مارکیٹ میں مکمل رسائی فراہم کرے گا جب کہ انڈونیشیا کی اشیا پر امریکا میں 19 فیصد ٹیرف عائد ہوگی۔
ہمیں ہندوستان کی منڈیوں میں انٹری ملے گی - ٹرمپ
اس کے علاوہ انڈونیشیا نے 15 بلین ڈالر کی توانائی، 4.5 بلین ڈالر کی زرعی مصنوعات اور امریکہ سے 50 بوئنگ طیارے خریدنے کا عہد کیا ہے۔ ٹرمپ نے بعد میں نامہ نگاروں سے کہا، ہندوستان اسی سمت میں کام کر رہا ہے۔ آپ کو سمجھنا ہوگا کہ ان میں سے کسی بھی ملک تک ہماری رسائی نہیں تھی۔ ہمارے لوگ وہاں نہیں جا سکتے تھے اور اب ہمیں وہاں داخلہ مل رہا ہے۔ یہ ہم ٹیرف کے ذریعے کر رہے ہیں۔
ہندوستانی ٹیم تجارتی معاہدے کے سلسلے میں امریکہ میں ہے۔
ہندوستانی ٹیم امریکہ کے ساتھ مجوزہ دو طرفہ تجارتی معاہدے (BTA) پر بات چیت کے پانچویں دور کے لئے واشنگٹن میں ہے۔ ہندوستانی وزارت تجارت کی ٹیم کا دورہ امریکہ اس لیے اہم ہے کہ دونوں فریقوں کو زراعت اور آٹوموبائل جیسے شعبوں میں مسائل کو حل کرنا ہے۔ یہ اس لیے بھی اہم ہے کہ امریکا نے بھارت سمیت کئی ممالک پر اضافی محصولات یکم اگست تک ملتوی کر دیے ہیں۔ بھارت نے زرعی اور ڈیری مصنوعات پر محصولات میں رعایت کے امریکی مطالبے پر اپنا موقف سخت کر لیا ہے۔