اداکار وجے سیتھوپتی کی نئی فلم 'ٹرین' اس سال اگست میں سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔ اس بات کی تصدیق فلم کے پروڈیوسر کلائی پلی ایس تھانو (Kalaipuli S Thanu) نے فلم کے ٹیزر لانچ کے موقع پر کی۔
ریلیز کی تاریخ پر دلچسپ گفتگو
ٹیزر لانچ تقریب کے دوران پروڈیوسر نے صرف اتنا کہا کہ فلم اگست میں ریلیز ہوگی۔اس پر فلم کے ہدایت کار میسکن (Mysskin)نے ہنستے ہوئے کہا کہ ریلیز کی تاریخ بھی بتا دیں۔جب پروڈیوسر نے تاریخ بتانے سے گریز کیا تو میسکن نے مذاق میں کہا کہ شاید فلم 14 اگست کو ریلیز ہوگی، لیکن اسی دن اداکار سوریہ کی فلم بھی ریلیز ہو رہی ہے۔اس پر پروڈیوسر نے مسکراتے ہوئے وضاحت کی کہ انہوں نے صرف اگست میں ریلیز ہونے کی بات کی ہے، 14 اگست کی تاریخ نہیں بتائی، جس پر تقریب میں موجود لوگ ہنس پڑے۔
ٹیزر نے فینزکا تجسس بڑھا دیا
فلم کا 43 سیکنڈ کا ٹیزر حال ہی میں جاری کیا گیا، جسےفینز نے کافی پسند کیا۔ٹیزر میں ایک تیز رفتار ٹرین دکھائی گئی ہے جس پر کچھ خطرناک لوگ قبضہ کر لیتے ہیں۔ ٹرین میں موجود مسافر خوفزدہ نظر آتے ہیں، جبکہ وجے سیتھوپتی اکیلے ان لوگوں کا مقابلہ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ٹیزر سے معلوم ہوتا ہے کہ ٹرین اپنے مقررہ اسٹیشن پر نہیں رکتی اور اس پر قبضہ کرنے والے لوگ پہلے سے پوری تیاری کے ساتھ آئے ہیں۔اب فلم میں یہ جاننا دلچسپ ہوگا کہ یہ لوگ کون ہیں، ان کا مقصد کیا ہے، اور وجے سیتھوپتی کا کردار ان کا مقابلہ کیوں کر رہا ہے۔
فلم میں کئی معروف اداکار شامل
فلم 'ٹرین' کی ہدایت کاری میسکن نے کی ہے جبکہ پروڈکشن وی کریشنز(V Creations) کے بینر تلے کی گئی ہے۔فلم میں وجے سیتھوپتی کے علاوہ ناصر، شروتی ہاسن، یوگی سیتھو، نارائن، کے ایس روی کمار، سمپت راج، کالائیراسن(Kalaiyarasan)، ایرا دیانند اور پریتھی کرن بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔فلم کی سینماٹوگرافی فوزیہ فاطمہ نے انجام دی ہے جبکہ میوزک میسکن نے خود تیار کیا ہے۔
فلم سے متعلق ایک اور دلچسپ بات
گزشتہ سال اداکار نارائن نے فلم کے سیٹ سے چند تصاویر شیئر کی تھیں، جن میں وہ پولیس افسر کے کردار میں نظر آئے تھے۔اس کے بعد یہ قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں کہ ،کیا ہدایت کار میسکن اپنی پرانی فلم 'انجاتھیے ' ‘Anjaathey’کی طرح ایک مشترکہ فلمی دنیا (Cinematic Universe) بنانے جا رہے ہیں، کیونکہ نارائن نے اس فلم میں بھی پولیس افسر کا کردار ادا کیا تھا۔