تلنگانہ کے وزیراقلیتی بہبود محمداظہرالدین نے واضح کیا کہ ان کی حکومت ریاست میں وقف اراضیات کے تحفظ پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زمینوں کی تفصیلات کو ڈیجیٹائز کرنے کے لیے ایک خصوصی 'امید پورٹل' قائم کیا گیا ہے، لیکن گزشتہ 10 دنوں میں تکنیکی مسائل پیدا ہو گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تلنگانہ سیکرٹریٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
46 ہزار ایکڑ سے زائد اراضی کی تفصیلات کا اندراج ہونا باقی ہے
وزیرمحمد اظہر الدین نے انکشاف کیا کہ ریاست بھر میں جملہ 63,180 ایکڑ وقف املاک ہیں، لیکن اب تک پورٹل میں صرف 16,700 ایکڑ ہی کا اندراج کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 46 ہزار ایکڑ سے زائد اراضی کی تفصیلات کا اندراج ہونا باقی ہے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر زمینوں کو جعلی دستاویزات کے ساتھ اپ لوڈ کیا گیا تو انہیں مسترد کردیا جائے گا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ انہوں نے وزیر اعظم اور مرکزی حکومت کو خط لکھ کر پورٹل میں تکنیکی مسائل اور ایپ کی خرابی کی وجہ سے زمینوں کے اندراج کے لیے مزید وقت دینے کی درخواست کی ہے۔
فوڈ پوائزننگ کے حالیہ واقعات کو افسوس ناک
محمد اظہر الدین نے گروکلس میں فوڈ پوائزننگ کے حالیہ واقعات کو افسوس ناک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان واقعات کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے اور غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف پہلے ہی کاروائی کی جا چکی ہے۔ مستقبل میں ایسے واقعات کو دوبارہ رونما ہونے سے روکنے کے لیے افسران اور عملے کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ کھانا پیش کرنے سے 30 منٹ قبل طلباء کی نگرانی کریں۔
اقلیتی بجٹ میں اضافہ کرنے کی کوشش
اظہرالدین نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں اقلیتوں کے لیے فنڈز بڑھانے کی کوشش کی جارہی ہے، اور گروکلس میں صرف 40 عہدے خالی ہیں۔