الیکشن کمیشن نے مغربی بنگال میں انتخابی فہرستوں کی ایک ماہ طویل اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) کے بعد منگل کو ڈرافٹ فہرست جاری کر دی ہے۔ کمیشن کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق، کل 58,20,898 ووٹروں کے نام ہٹانے کے لیے نشان زد کیے گئے ہیں۔ جن لوگوں کے نام حذف کیے گئے ہیں ان میں سب سے زیادہ تعداد (2,416,852)فوت شدہ ووٹرز کی ہے ۔اس کے بعد 19,88,076 ووٹر مستقل طور پر منتقل ہو گئے ہیں یا ہجرت کر گئے ہیں۔
دعوے اور اعتراضات :
مغربی بنگال کی کل آبادی 7.66 کروڑ سے زیادہ ہے،جہاں 90,000 سے زیادہ بوتھ لیول آفیسرز (BLOs) SIR کے کام میں مصروف تھے۔ ڈرافٹ لسٹ کے جاری ہونے کے بعد، دعوے اور اعتراضات داخل کرنے کا عمل شروع ہو جائے گا، منگل 16 دسمبر 2025 سے 17 جنوری 2026 تک جاری رہے گا۔ اس کے بعد سماعت اور تصدیق کے لیے نوٹس کا مرحلہ شروع ہو گا، جو 17 جنوری سے شروع ہو کر 7 فروری 2026 کو ختم ہو گا۔ اس کے بعد حتمی ووٹر لسٹ شائع کی جائے گی۔
12 لاکھ سے زائد ووٹرز غائب :
الیکشن کمیشن کی فہرست کے مطابق بنگال میں 1,220,038 ووٹرز کو لاپتہ کے طور پر نشان زد کیا گیا ہے۔ مزید برآں، 138,328 ناموں کی شناخت ڈپلیکیٹ، غلط یا جعلی اندراجات کے طور پر کی گئی ہے۔ مختلف وجوہات کی بنا پر 57,604 ناموں کو ہٹانے کی تجویز دی گئی ہے۔ جن لوگوں کے نام حذف کیے گئے ہیں وہ 15 جنوری تک اپنے اعتراضات اور دعوے جمع کرا سکتے ہیں اور فارم 6 بھی بھر سکتے ہیں۔
بنگال میں اگلے سال انتخابات ہونے والے ہیں:
ریاست میں اگلے سال 294 سیٹوں کے لیے ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل ایس آئی آر کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ کمیشن نے SIR کا عمل 4 دسمبر کو شروع کیا اور 11 دسمبر کو اختتام پذیر ہوا۔ اس عرصے کے دوران، غیر قانونی بنگلہ دیشیوں کا بڑے پیمانے پر اخراج ہوا، اور BLOs نے سخت ڈیڈ لائن اور کام کے دباؤ کے خلاف احتجاج کیا۔ حکمراں ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) نے 40 انتخابی عہدیداروں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔