Wednesday, June 04, 2025 | 08, 1446 ذو الحجة
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • مغربی بنگال :سیاسی گلیاروں میں ہلچل،دلیپ گھوش کی وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے اجلاس سے دوری !ممتا بنرجی سے ملاقات،اتفاق یا پھر کچھ اور

مغربی بنگال :سیاسی گلیاروں میں ہلچل،دلیپ گھوش کی وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے اجلاس سے دوری !ممتا بنرجی سے ملاقات،اتفاق یا پھر کچھ اور

Reported By: Munsif TV | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Jun 02, 2025 IST     

image
ریاست مغربی بنگال میں بی جے پی کی قیادت مضبوط بنانے والے سابق صدر دلیپ گھوش، اس وقت پارٹی میں حاشیہ پر ہیں ۔مغربی بنگال  میں  پارٹی کے اہم اجلاس سے انہیں نظر انداز کیا جا رہا ہے۔حال ہی میں گھوش کو وزیر اعظم نریندر مودی کے جلسہ عام میں نہیں دیکھا گیا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق انہیں امت شاہ کی میٹنگ میں بھی نہیں بلایا گیا۔دلیپ گھوش کا بی جے پی کے سینئر لیڈروں کے پروگراموں سے اس طرح فاصلہ ،کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے۔ 
 
اسے اتفاق نہیں کہا جا سکتا کہ گھوش ایک ہفتے میں دو بار  ریاست میں بی جے پی کے بڑے پروگرام میں شرکت نہیں کر سکے۔گھوش اتوار کو مرکزی وزیر داخلہ شاہ کی قیادت میں بی جے پی کی تنظیمی میٹنگ سے غیر حاضر تھے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ انہیں اجلاس میں مدعو نہیں کیا گیا۔اس سے پہلے 29 مئی کو بھی گھوش شمال مغربی بنگال کے علی پور دوار میں وزیر اعظم مودی کے جلسہ عام سے غیر حاضر رہے ۔
 

ممتا بنرجی سے ملاقات موضوع بحث :

گھوش کو شاہ کے اجلاس میں نہ بلائے جانے کی وجہ سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بن گئی ہے۔وہیں یہ خبر بھی اب عام ہو رہی ہے کہ ٹی ایم سی سے گھوش کی قربت بڑھ رہی ہے۔حال ہی میں دیگھا میں جگن ناتھ مندر کے افتتاح کے موقع پر  مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے گھوش کی ملاقات بھی ہوئی ۔جسکے بعد بی جے پی کے کئی رہنماؤں نے ان پر ٹی ایم سی کے قریب ہونے اور پارٹی کارکنوں کے جذبات کو دھوکہ دینے کا الزام لگایا ۔ تاہم یہ ملاقات  اتفاق  بھی  ہو سکتی ہے،لیکن سیاسی گلیاروں  میں ایک موضوع بحث بھی بنی  ہوئی ہے۔جو کہ پارٹی ہائی کمان کے لیے پریشان کن  ہے۔
 

گھوش نے اپنے دفاع میں کیا کہا؟

شاہ کی میٹنگ میں مدعو نہ کیے جانے کے بارے میں انڈیا ٹوڈے سے بات کرتے ہوئے، گھوش نے کہا کہ انھیں مدعو نہیں کیا گیا تھا اور بی جے پی کے کئی دیگر سابق صدور کو بھی مدعو نہیں کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ انہیں اجلاس میں نہ بلانے کی وجہ نہیں معلوم۔ تاہم انہوں نے ملاقات میں کہا کہ وہ پارٹی کے فیصلے پر عمل کریں گے۔انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ انہیں علی پور دوار کے پروگرام میں مدعو نہیں کیا گیا اور کہا کہ پارٹی کے تئیں ان کی وفاداری پر کوئی سوال نہیں اٹھا سکتا۔
 

دلیپ گھوش کون ہیں؟

دلیپ گھوش، 1964 میں مدنی پور میں پیدا ہوئے، ابتدائی طور پر آر ایس ایس سے وابستہ تھے اور 1999 سے 2007 تک انڈمان اور نکوبار کے آر ایس ایس انچارج رہے۔انہوں نے 2014 میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی جس کے بعد 2015 میں انہیں صدر بنایا گیا۔جب وہ بی جے پی صدر بنے تو بنگال میں بی جے پی اچھے دور سے گزر رہی تھی۔2019 کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی نے 42 میں سے 18 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی اور گھوش نے بھی مدنی پور سے کامیابی حاصل کی۔ تاہم، وہ 2024 میں بردھمان-درگاپور سے الیکشن ہار گئے ۔