ویمنز ورلڈ کپ 2025 میں بھارت اور پاکستان کے درمیان میچ کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔ اس میچ میں پاکستانی خواتین ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے خواتین کے ون ڈے ورلڈ کپ کا آغاز جیت کے ساتھ کیا اور اپنے پہلے میچ میں سری لنکا کو DLS طریقہ کے تحت 59 رنز سے شکست دی۔ دوسری جانب پاکستانی ٹیم کو اپنے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف 7 وکٹوں سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ بھارتی ٹیم کے پاس ا سٹار کھلاڑیوں کی ٹیم ہے جو پاکستان کوشکست دے سکتی ہے۔ ٹیم انڈیا نے اس میچ کے لیے اپنے پلیئنگ 11 میں ایک تبدیلی کی ہے جبکہ پاکستانی ٹیم کے پلیئنگ 11 میں بھی ایک تبدیلی کی گئی ہے۔
ٹاس کے دوران ہاتھ نہیں ملایاگیا:
ویمن ون ڈے ورلڈ کپ 2025 کے چھٹے میچ میں بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم اور پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم آمنے سامنے ہیں۔ کولمبو کے میدان پر پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس موقع پر بھارتی کپتان ہرمنپریت کور اور پاکستانی کپتان فاطمہ سنا نے ہاتھ نہیں ملایا۔ واضح رہے کہ ایشیا کپ 2025 کے مردوں کے میچ میں بھی بھارت اور پاکستان کے کھلاڑیوں نے آپس میں ہاتھ نہیں ملایا تھا۔
بھارتی ٹیم اپنی بالادستی برقرار رکھنا چاہے گی:
اب تک دونوں ٹیموں کے مقابلوں میں بھارتی ٹیم کی یکطرفہ بالادستی رہی ہے۔ کرک انفو کے مطابق، ون ڈے فارمیٹ میں دونوں ٹیمیں کل 11 میچوں میں آمنے سامنے ہوئی ہیں، اور ان سب میں بھارتی ٹیم نے کامیابی حاصل کی ہے۔ پاکستانی ٹیم ایک بار بھی بھارت کو شکست دینے میں کامیاب نہیں ہوئی۔ یہ غیر معمولی ریکارڈ بھارتی ٹیم کی طاقت اور تسلسل کو واضح طور پر ظاہر کرتا ہے۔ اس طرح اس میچ میں بھی بھارتی ٹیم مضبوط دکھائی دے رہی ہے۔
دونوں ٹیموں کی پلئینگ الیون:
بھارتی ویمن ٹیم: پرتیک راول، سمرتی مندھانا، ہرلین دیول، ہرمنپریت کور (کپتان)، جمیمہ روڈریگس، دیپتی شرما، رچا گھوش (وکٹ کیپر)، سنیہ رانا، رینوکا سنگھ ٹھاکر، کرنتی گوڑ، شری چرنی۔
پاکستانی ویمن ٹیم: منیبہ علی، صدف شمس، سدرہ امین، رمین شمیم، عالیہ ریاض، سدرہ نواز (وکٹ کیپر)، فاطمہ سنا (کپتان)، نطالیہ پرویز، ڈیانا بیگ، ناشرہ سندھو، سعدیہ اقبال۔