پنچاب اسمبلی انتخابات2027 کے لئے عام آدمی پارٹی(عاپ) نے 31 امیدواروں پر مشتمل دوسری فہرست جاری کی ہے۔ اس فہرست میں موجودہ 8ارکان اسمبلی کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔ اور موجودہ 2 ارکان پارلیمان کو اسمبلی کا ٹکٹ دیا گیا ہے۔ یہ اعلان 12 نومبر کو عام آدمی پارٹی کے نیشنل سیکریٹری پنکج کر گپتا نے جاری کیا۔ پارٹی نے واضح کیا کہ نئی فہرست میں خاص توجہ ان 21 حلقوں پر دی گئی ہے جہاں اسے 2022 کے انتخابات میں شکست ہوئی تھی، تاکہ ان علاقوں میں سیاسی بنیاد کو مضبوط بنایا جا سکے اور انتخابی رسائی کو وسیع کیا جا سکے۔
فہرست کے مطابق رکنِ پارلیمان گرمیت سنگھ میت ہائر برنالہ سےانتخابی میدان میں اتریں گے، جب کہ ڈاکٹر راج کمار چبّیوال کو پھگواڑا سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ اس کے ساتھ امرتسر نارتھ سے کرم جیت سنگھ رِنتو، جگراؤں سے سراوجیت کور مانوکے، کھارڑ سے پرمندر سنگھ گولڈی اور ابوہَر سے ڈاکٹر سہانی ڈوڈا کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ ان نامزدگیوں کا مقصد پارٹی کی قیادت کے مطابق زمینی سطح پر تنظیمی قوت بڑھانا اور وہ نشستیں واپس جیتنا ہے جو گزشتہ بار ہاتھ سے نکل گئی تھیں۔
پارٹی کی جانب سے جاری کی گئی فہرست میں پنجاب کے تینوں خطوں مجاہ، دوآبہ اور مالوا کے متعدد حلقے شامل ہیں۔ مجاہ میں سوجانپور، پٹھان کوٹ، گرداس پور، دینا نگر، قادیان، فتح گڑھ چوریاں، راجا سانسی، مجیٹھا اور پٹی سمیت کئی نشستوں کے لیے امیدواروں کا اعلان ہوا۔ دوآبہ خطے میں کپور تھلہ، پھگواڑا، پھلّور، شاہکوٹ، جالندھر سینٹرل، جالندھر نارتھ، جالندھر کینٹونمنٹ، آدم پور، مکھیریان اور نواں شہر کے لیے نامزدگیاں شامل ہیں۔ مالوا میں چمکور صاحب، کھارڑ، ڈکھا، جگراؤں، ابوہَر، بالوانہ، لمبی، بٹھنڈہ رورل، برنالہ اور شترانہ بھی دوسری فہرست میں نمایاں ہیں۔
پارٹی نے بتایا کہ یہ دوسری فہرست پہلی فہرست کے برعکس حکمتِ عملی کی تبدیلی کی عکاس ہے۔ 31 اکتوبر کو جاری پہلی فہرست میں 40 امیدوار شامل تھے جن میں تمام کے تمام موجودہ ارکانِ اسمبلی برقرار رکھے گئے تھے۔ ان میں وزیرِ اعلیٰ بھگونت مان دھوری سے، اور وزیر سنجیو اروڑا لدھیانہ ویسٹ سے پھر میدان میں ہیں، جب کہ اسمبلی کے اسپیکر کلتار سنگھ سندھواں کو کوٹ کپورا سے دوبارہ نامزد کیا گیا تھا۔ تاہم تازہ فہرست میں 8 نشستوں پر موجودہ ارکان کو تبدیل کیا گیا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پارٹی نے کارکردگی اور مقامی سیاسی حرکیات کو سامنے رکھتے ہوئے نئی صف بندی اختیار کی ہے۔
اس اعلان کے بعد عام آدمی پارٹی پنجاب کی 117 میں سے 71 نشستوں پر امیدواروں کا اعلان کر چکی ہے، اور 46 حلقوں کے لیے نام ابھی جاری ہونے باقی ہیں۔ 2022 کے اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے 117 میں سے 92 نشستیں جیت کر بھاری اکثریت سے حکومت بنائی تھی اور بھگونت مان کی قیادت میں اقتدار سنبھالا تھا۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ 2027 میں وہ دوسری مدت کے لیے عوام کے پاس کارکردگی، گورننس میں اصلاحات، اور مقامی سطح پر ڈیلیوری کے ایجنڈے کے ساتھ جائے گی۔
سیاسی مبصرین کے مطابق اس مرتبہ مقابلہ کانگریس، شرومنی اکالی دل اور بھارتیہ جنتا پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کے مابین سخت رہنے کا امکان ہے۔ عام آدمی پارٹی نے واضح کیا کہ امیدواروں کے بقیہ اعلانات مرحلہ وار کیے جائیں گے اور تنظیم ہر حلقے میں زمینی سروے، رائے دہندگان کے رجحان اور شفاف میرٹ کی بنیاد پر ٹکٹ فائنل کرے گی۔







