Thursday, November 12, 2026 | 01 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • اکھلیش نے اویسی -آزاد اتحاد ’سماجک پریورتن مورچہ‘ کا کیا خیرمقدم، کہا بی جے پی کے 2-3 فیصد ووٹوں پر اثر ممکن

اکھلیش نے اویسی -آزاد اتحاد ’سماجک پریورتن مورچہ‘ کا کیا خیرمقدم، کہا بی جے پی کے 2-3 فیصد ووٹوں پر اثر ممکن

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 12 Nov 2026

اکھلیش نے اویسی -آزاد اتحاد  ’سماجک پریورتن مورچہ‘ کا کیا  خیرمقدم، کہا بی جے پی کے 2-3 فیصد ووٹوں پر اثر ممکن

اترپردیش اسمبلی انتخابات میں ایم آئی ایم اور اے ایس پی ، اتحاد کے اعلان سے سیاسی پارہ چڑھ گیا ہے۔ سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے جمعرات کو آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین اور آزاد سماج پارٹی (کانشی رام) کے اشتراک سے بننے والے ’سماجک پریورتن مورچہ‘ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ اتحاد 2027 کے اتر پردیش اسمبلی انتخابات سے قبل فرقہ وارانہ بیانیے کے زیرِ اثر ووٹ دینے والے حلقوں کے لیے ایک باوقار متبادل فراہم کر سکتا ہے اور ممکنہ طور پر بی جے پی کے 2-3 فیصد ووٹ میں کمی کا باعث بنے گا۔ ان کے مطابق سماجوادی پارٹی پی ڈی اے یعنی پچھڑا، دلت اور اقلیتی برادریوں کی فلاح کے لیے فرقہ وارانہ طاقتوں کے مقابل ڈٹ کر آواز بلند کرنے والوں کی ’ایماندار آواز‘ کو عوام تک پہنچانے میں ہر ممکن تعاون دے گی۔

ایس پی سربرہ کا بیان اس وقت سامنے آیا جب اسی روز ’سماجک پریورتن مورچہ‘ کے قائدین—اے آئی ایم آئی ایم کے صدربیرسٹر اسد الدین اویسی اور آزاد سماج پارٹی (کانشی رام) کے صدر چندر شیکھر آزاد—نے 2027 کے اسمبلی انتخابات کے لیے اپنے اتحاد کا باضابطہ اعلان کیا۔ اکھلیش یادو نے ایک پوسٹ میں کہا کہ سماجی تبدیلی ضروری ہے، لیکن اصل کامیابی تب ملے گی جب ایک حقیقی ’سیاسی تبدیلی محاذ‘ متحرک ہوگا۔ ان کے مطابق اس طرح کی پیش رفت سے اپوزیشن کو تقویت مل سکتی ہے، کیونکہ وہ ان لوگوں کے لیے راستہ بنائے گی جو جذباتی نعروں اور گمراہ کن وعدوں کے زیرِ اثر ماضی میں فرقہ وارانہ قوتوں کو ووٹ دیتے رہے۔ انہوں نے تحریر کیا کہ ایک نیا آپشن اب ان معصوم ووٹروں کے سامنے ہوگا جو گمراہی کے بعد ووٹ ڈالتے تھے، جس سے بی جے پی کو 2-3 فیصد ووٹ کا نقصان ہو سکتا ہے اور بی جے پی کے پاس کچھ خاص نہیں بچے گا۔

اکھلیش یادو نے اس بات پر زور دیا کہ وہ سیاسی محاذ جو اپنی اپنی برادریوں کی حقیقی فلاح کے خلوص نیت سے تشکیل پاتے ہیں، جمہوریت کو مضبوط کرتے ہیں، تاہم انہوں نے ان اقدامات سے خبردار کیا جو پوشیدہ سیاسی مقاصد کے تحت آگے بڑھتے ہیں۔ ان کے مطابق عوام اچھی طرح سمجھتے ہیں کہ صرف تقریروں اور بیانات کے ذریعے سیاسی گرمی پیدا کرنے والوں کی حقیقت کیا ہے، اور ووٹر ایسے عناصر کو مسترد بھی کر سکتے ہیں جو سیاسی مفادات کے کٹھ پتلی بن جائیں۔

اکھلیش یادو نے امید ظاہر کی کہ ایسے اتحادوں کی تشکیل سے اس روش کا خاتمہ ہوگا جس میں کوئی جماعت یا رہنما خود کو مخصوص ووٹ بینک کا واحد نمائندہ قرار دیتا ہے، اور اس کے بجائے ہر فریق اپنی برادری کے مفاد کے لیے سنجیدگی سے کام کرنے پر راغب ہوگا۔ آنے والے اسمبلی انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے ان کے مطابق ریاست کی سیاسی سمت کا تعین مختلف سیاسی ڈھانچوں کے بنیادی ووٹ بیس کی قوت سے ہوگا۔ ان کے مطابق برسوں سے منتظر یہ پیش رفت واضح کرتی ہے کہ اتر پردیش میں جو لوگ حقیقی تبدیلی چاہتے ہیں وہ اسی جانب متوجہ ہوں گے جس کا بنیادی ووٹ بیس زیادہ مضبوط ہوگا، اور اس متعلق پی ڈی اے سے بڑا کوئی متبادل موجود نہیں۔ اکھلیش یادو نے نومولود محاذ کو نیک تمنائیں بھی دیں۔

دوسری جانب مورچہ کی قیادت نے دن میں پہلے سماجوادی پارٹی اور کانگریس کو اس اتحاد میں شامل ہونے کی دعوت دی۔ سیاسی حلقے 2027 کے ہائی اسٹیک اسمبلی انتخابات سے قبل اس اتحاد کی تشکیل کو ریاست میں پارٹیوں کی نئی صف بندی کے اعتبار سے ایک اہم پیش رفت قرار دے رہے ہیں، جبکہ اپوزیشن کی حکمت عملی میں پی ڈی اے بیانیے کی مرکزی حیثیت مزید واضح ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔