Tuesday, November 17, 2026 | 06 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • الہ آباد ہائی کورٹ کا ای ڈی سے سوال: کیا اعظم خان کو گرفتاری کی وجوہات بتائی گئیں؟ حلفیہ بیان طلب

الہ آباد ہائی کورٹ کا ای ڈی سے سوال: کیا اعظم خان کو گرفتاری کی وجوہات بتائی گئیں؟ حلفیہ بیان طلب

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 16 Nov 2026

الہ آباد ہائی کورٹ  کا  ای ڈی سے سوال: کیا اعظم خان کو گرفتاری کی وجوہات بتائی گئیں؟ حلفیہ بیان طلب

الہ آباد ہائی کورٹ نے پیر کو ای ڈی سے حلفیہ بیان طلب کرتے ہوئے واضح کیا کہ عدالت یہ طے کرنا چاہتی ہے کہ سماج وادی پارٹی کے رہنما محمد اعظم خان کی منی لانڈرنگ کیس میں گرفتاری کے وقت انہیں قانونی طور پر گرفتار ی کی وجوہات فراہم کرنے کی کوشش کی گئی تھی یا نہیں۔ جسٹس راجیو گپتا اور جسٹس دیویندر سنگھ کی ڈویژن بینچ نے یہ ہدایت اس وقت دی جب ای ڈی نے بتایا کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر پروین کمار نے گرفتاری کی وجوہات اعظم خان کو دینے کی کوشش کی مگر انہوں نے انکار کردیا، اور ای ڈی کے مطابق اس دعوے کی تائید کے لیے ویڈیو موجود ہے۔ اعظم خان کے وکیل نے اس مؤقف کی مخالفت کی اور کہا کہ اس کی کوئی ویڈیو شہادت پیش نہیں کی گئی۔ عدالت نے فریقین کے متضاد دعووں کے پیش نظر معاملہ منگل تک کے لیے حکم محفوظ رکھتے ہوئے کہا کہ ای ڈی اپنا بیانِ حلفی داخل کرے تاکہ ریکارڈ پر آجائے۔

واضح رہے کہ اعظم خان اور ان کے صاحبزادے عبداللہ اعظم کو ڈوئل پین کارڈ (2 پین کارڈ)معاملے میں جیل بھیجنے کے بعد الہ آباد ہائی کورٹ نے انہیں اس کیس میں 10 اکتوبر 29 کو ضمانت دی۔ اعظم خان 10 اکتوبر 31 کو جیل سے نکلتے ہی ای ڈی نے انہیں منی لانڈرنگ کیس میں اپنی حراست میں لے لیا۔ یہ کاروائی محمد علی جوہر یونیورسٹی سے تعلق سے مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے سلسلے میں جاری انکوائری کے تناظر میں ہوئی، جس میں الزام ہے کہ 2019 میں اتر پردیش پولیس کی جانب سے درج تقریباً 26 ایف آئی آرز کی بنیاد پر زرعی اراضی کسانوں سے زبردستی لے کر یونیورسٹی کے نام کی گئی، عوامی کاموں کے لیے مختص فنڈز اور مواد یونیورسٹی کی طرف موڑ دیے گئے، سرکاری کام اس کی نجی کیمپس میں کرائے گئے، اور سرکاری ٹھیکیداروں کے ذریعے دیے گئے فنڈز کو بطور چندہ محمد علی جوہر ٹرسٹ میں واپس لایا گیا۔ غازی آباد کی خصوصی پی ایم ایل اے عدالت نے 11 نومبر 1 کو اعظم خان کو عدالتی حراست میں بھیج دیا۔

اعظم خان نے اپنی گرفتاری کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا، مگر اعلیٰ عدالت نے براہ راست مداخلت سے انکار کرتے ہوئے ہائی کورٹ کو ترجیحی بنیاد پر سماعت کی ہدایت دی۔ آج ہائی کورٹ میں اعظم خان کی پیروی کرتے ہوئے سینیئر وکیل کپل سبل نے مؤقف اختیار کیا کہ گرفتاری کی وجوہات انہیں فراہم نہیں کی گئیں، اس لیے ای ڈی کیس میں ان کی حراست غیرقانونی ہے۔ سبل نے یہ بھی کہا کہ حکام انہیں 2027 کی اسمبلی انتخابات تک حراست میں رکھنا چاہتے ہیں اور اسے سیاسی انتقام قرار دیا۔ ان کے مطابق جس اراضی پر تنازعہ تھا وہ کسانوں کو واپس مل چکی ہے، اس لیے گرفتاری کے وقت کوئی ناجائز مالِ مسروقہ موجود نہیں تھا، اور ای ڈی افسر کو اسی وقت یہ یقین کی بنیاد ہونی چاہیے تھی کہ منی لانڈرنگ کا جرم بنتا ہے۔