Tuesday, November 17, 2026 | 06 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • کانپور سینٹرل سے آنند وہار تک نئی ’کانپور ایکسپریس‘ کی شروعات، ریلویز نے یوپی-این سی آر رابطہ مضبوط کیا

کانپور سینٹرل سے آنند وہار تک نئی ’کانپور ایکسپریس‘ کی شروعات، ریلویز نے یوپی-این سی آر رابطہ مضبوط کیا

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 16 Nov 2026

کانپور سینٹرل سے آنند وہار تک نئی ’کانپور ایکسپریس‘ کی شروعات، ریلویز نے یوپی-این سی آر رابطہ مضبوط کیا

وزیرِ ریلوے اشونی ویشنؤ نے بی جے پی کے رکنِ پارلیمنٹ رامیش اوستھی کے ساتھ نئی ’کانپور ایکسپریس‘ کی افتتاحی روانگی کو پیر کے روز سبز جھنڈی دکھائی، جس کا روٹ کانپور سینٹرل سے دہلی کے آنند وہار ٹرمینل تک رکھا گیا ہے اور یہ دونوں سمتوں میں آمد و رفت فراہم کرے گی۔ اس موقع پر کانپور نگر نگم کی میئر پرمیلا پانڈے، اکبرپور سے رکنِ پارلیمنٹ دیویندر سنگھ بھولے، معزز مہمانان اور ریلوے کے سینئر عہدیداران موجود تھے۔ حکام کے مطابق یہ روزانہ چلنے والی نئی سروس اتر پردیش اور نیشنل کیپیٹل ریجن کے درمیان ریل رابطے کو مضبوط بنائے گی اور کانپور اور دہلی کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کے لیے ایک اضافی اور سہل متبادل فراہم کرے گی۔


نئی ٹرین تقریباً 428 کلومیٹر کے فاصلے پر مشتمل روٹ طے کرے گی اور اس میں 22 جدید ایل ایچ بی کوچز شامل ہوں گے۔ راستے میں یہ ففوند کے مسافروں کو سہولت دے گی جو اوریہ کے صنعتی علاقوں، این ٹی پی سی اوریہ اور گیل پٹا سے وابستہ ہیں، جبکہ اٹاوہ کے زرعی خطے اور ٹونڈلا کے ذریعے فیروز آباد کے شیشے کی صنعت سے تعلق سے علاقوں تک رسائی بہتر ہوگی۔ مزید براں، یہ  ہاتھرس تک پہنچ کو مضبوط کرے گی جو ہینگ پروسیسنگ، پیتل سازی اور زرعی صنعتوں کے لیے معروف ہے، اور علی گڑھ کو بھی جو تالا سازی کی صنعت اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی وجہ سے اہم شناخت رکھتا ہے۔ خُرجہ کی سیرامک اور مٹی کے برتنوں کی صنعت، دادری کے لاجسٹکس و صنعتی مراکز، اور این سی آر کے بڑے صنعتی شہر غازی آباد کے ساتھ مربوط ہوتے ہوئے یہ ٹرین دہلی کے بڑے ملٹی موڈل ہب آنند وہار ٹرمینل تک پہنچتی ہے۔


وزیرِ ریلوے نے کہا کہ کانپور، جو اتر پردیش کا اہم صنعتی، چمڑا سازی اور تعلیمی مرکز ہے، اب دہلی کے ایک بڑے ٹرانزٹ گیٹ وے آنند وہار سے براہِ راست جڑ جائے گا، جس سے کاروباری حضرات، طلبہ، کارکنان اور عام مسافروں کو سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے کانپور کے عوام کو مبارک باد دی اور بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی اس نئی سروس کے لیے نیک خواہشات بھیجی ہیں۔


شہر میں ریلوی انفراسٹرکچر کے آئندہ منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے اشونی ویشنؤ نے کہا کہ انورگنج سے مندھانا تک 16 کلومیٹر طویل ایلی ویٹڈ ریلوے ٹریک کی تعمیر پرانے پھاٹکوں پر ٹریفک جام کے دیرینہ مسئلے کا مستقل حل فراہم کرے گی۔ ان کے مطابق ڈیٹیلڈ پروجیکٹ رپورٹ مکمل ہو چکی ہے، ضروری منظوری حاصل ہے اور تعمیراتی کام جلد شروع ہونے کی توقع ہے۔