ملک کے معروف پیکجڈ ڈرنکنگ واٹر برانڈ بسلیری کے خلاف فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھارٹی آف انڈیا نے قانونی کاروائی شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ادارے کے مطابق بسلیری انٹرنیشنل پرائیویٹ لمیٹڈ کے پیکجڈ ڈرنکنگ واٹر کا ایک نمونہ مقررہ معیار پر پورا نہیں اترا اور فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ 2006 کے تحت اسے غیر محفوظ قرار دیا گیا۔
یہ قدم اس وقت اٹھایا گیا جب نمونے میں برومیٹ کی مقدار طے شدہ حد سے زیادہ پائی گئی، اور کمپنی کی اپیل کے بعد ریفرل فوڈ لیبارٹری نے دوبارہ تجزیے میں پولی سائیکلک ایرومیٹک ہائیڈروکاربن کی موجودگی کی تصدیق کرتے ہوئے اسے غیر محفوظ ٹھہرایا۔ ادارے نے کہا کہ شواہد اور لیبارٹری رپورٹس کی بنیاد پر مقدمہ چلانے کی منظوری دی گئی ہے۔
اس پیش رفت کے بعد بسلیری نے باضابطہ وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ تقریباً 14 ماہ پرانا ہے، اور کمپنی کے مطابق دوبارہ جانچ میں برومیٹ کی مقدار معیار کے مطابق پائی گئی، اس لیے اس کا پیکجڈ ڈرنکنگ واٹر محفوظ ہے۔
کمپنی نے یقین دہانی کرائی کہ وہ قوانین پر سختی سے عمل پیرا ہے اور صارفین کی صحت اولین ترجیح ہے۔ ایف ایس ایس اے آئی نے اسی کاروائی کے دائرے میں مزید 5 فوڈ کمپنیوں کے خلاف بھی مقدمہ چلانے کی منظوری دی۔ ان میں وسنت مسالا پرائیویٹ لمیٹڈ شامل ہے جس کے مرچ پاؤڈر میں ڈی فینو کونازول نامی کیڑے مار دوا کی باقیات حد سے زیادہ ملیں۔ ٹٹ بٹ فوڈز انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ کے مرچ پاؤڈر میں کیڑے مار دوا کی باقیات اور ہلدی پاؤڈر میں ٹن کی مقدار مقررہ معیار سے زائد نکلی۔ میمانسا انڈسٹریز کے اخروٹ کی گری غیر معیاری اور غیر محفوظ پائی گئی، جبکہ آشا کنفیکشنری کی چاکلیٹ فلڈ کوکیز میں شکر سے متعلق معلومات غلط نکلیں اور مصنوعات کو غیر معیاری اور غیر محفوظ قرار دیا گیا۔
مزید یہ کہ صفائی اور دوبارہ پیکنگ کے ناقص انتظامات پر ارمی لائف سائنسز ایل ایل پی اور گور آیورویدک اسٹور کے لائسنس معطل کر دیے گئے۔ ادارے نے واضح کیا کہ اس سال فوڈ بزنس اور ای کامرس پلیٹ فارمز کی نگرانی میں اضافہ کیا جا رہا ہے اور انرجی ڈرنکس اور الکحل والے مشروبات بنانے والی کمپنیاں بھی جانچ کے دائرے میں ہیں۔






