چین نے برقی ہوا بازی (الیکٹرک سویشن )کے میدان میں ایک بڑی پیش رفت کرتے ہوئے 19 نشستوں والا بیٹری سے چلنے والا مسافر بردار طیارہ پہلی بار کامیابی سے اڑا دیا۔ کمرشل ایئرکرافٹ کارپوریشن آف چائنا، کومیک، کے مطابق 10 ٹن وزنی سی ای-25اے نے 14 نومبر کو صوبہ شینڈونگ میں اپنی پہلی آزمائشی پرواز مکمل کی، جسے تجربہ کار پائلٹوں نے چلایا۔ یہ اقدام اس ٹیکنالوجی کو ریجنل مسافر سفر کے قریب لانے کی سمت اہم قدم سمجھا جا رہا ہے کیونکہ اس سائز کے برقی طیارے کا عملے کے ساتھ ہوا میں اڑنا اب تک ایک نایاب اور نمایاں سنگ میل تھا۔
چینی سرکاری خبر رساں ادارےنے کومیک کے متعلق سے بتایا کہ آزمائشی پرواز کے دوران طیارہ معمول کے مطابق کارکردگی دکھاتا رہا اور تمام کارکردگی کے اشاریے توقعات کے مطابق رہے۔ چین کے سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق پرواز کی مجموعی مدت 57 منٹ اور 46 سیکنڈ ریکارڈ کی گئی، جس میں طیارہ 16 منٹ اور 38 سیکنڈ تک پرواز کیا اور 60.4 کلومیٹر فاصلہ طے کیا۔ اس آزمائش میں دو پائلٹ اور ایک فلائٹ ٹیسٹ انجینئر سوار تھے، جنہوں نے طیارے کے برقی نظام، پرواز کے رویے اور سکیورٹی پروٹوکولز کی جانچ کی۔
سی ای-25اے کو مختصر فاصلے کی علاقائی پروازوں کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ طیارہ زیادہ سے زیادہ 19 مسافر تقریباً 400 کلومیٹر تک لے جا سکے گا، اس کا زیادہ سے زیادہ ٹیک آف وزن 10 ٹن ہے، کروز اسپیڈ 300 کلومیٹر فی گھنٹہ اور معمول کی پرواز کی بلندی 2,400 میٹر بتائی گئی ہے۔ یہ خصوصیات اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہیں کہ طیارہ بین الاقوامی یا طویل فاصلے کے بجائے چھوٹے شہروں کے درمیان مختصر روٹس کے لیے مناسب رہے گا، جہاں کم شور، مقامی آلودگی میں کمی اور آپریشنل لاگت میں ممکنہ بچت جیسے فوائد حاصل ہو سکتے ہیں۔
روایتی جیٹ یا ٹربوپراپ انجنوں کے برعکس، اس طیارے میں برقی پروپلشن سسٹم استعمال کیا گیا ہے جو متعدد ڈکٹڈ فینز پر مبنی ہے۔ یہ فینز پنکھوں کے ساتھ نصب ہیں اور برقی موٹرز سے چلتے ہیں جو توانائی طیارے کے بیٹری نظام سے حاصل کرتی ہیں۔ اس تقسیم شدہ انتظام کی وجہ سے طیارے کو روایتی واحد انجن پر انحصار نہیں کرنا پڑتا، تاہم کارکردگی اور افادیت کے فوائد کے واضح ثبوت مزید آزمائشوں کے بعد سامنے آئیں گے۔
یہ منصوبہ کومیک کے ساتھ چینی بیٹری ساز کمپنی کیٹل، شنگھائی جیاو ٹونگ یونیورسٹی اور دیگر شراکت داروں کے اشتراک سے آگے بڑھایا جا رہا ہے تاکہ ہوابازی کے لیے بھروسہ مند بیٹری ٹیکنالوجی، ہلکے وزن کے ڈھانچے اور برقی نظاموں کی ہم آہنگی ممکن بنائی جا سکے۔ اس سے قبل سی ای-25اے نے 2 فروری 2026 کو خودکار، بغیر پائلٹ آزمائشی پرواز کامل کی تھی اور اس کے بعد 19 بغیر پائلٹ توثیقی پروازیں بھی ہوئیں۔







