چیف جسٹس آف انڈیا (سی جے آئی) جسٹس سوریہ کانت نے منگل کو سپریم کورٹ کے تین نئے ججوں – جسٹس سنیتا اگروال، جسٹس دیویندر کمار اپادھیائے اورجسٹس اپریش کمار سنگھ کو عہدے کا حلف دلایا۔حلف برداری کی تقریب، جس کی براہِ راست نشریات (لائیو اسٹریمنگ) کی گئی، سہ پہر ساڑھے تین بجے منعقد ہوئی۔
یہ تقریب سپریم کورٹ کے نئے تعینات ہونے والے ججوں سے صبح کے اوقات میں حلف لینے کے روایت ،معمول سے ہٹ کر منعقد کی گئی۔ سپریم کورٹ کے نئے تعینات ہونے والے جج عام طور پر صبح ساڑھے دس بجے اپنے عہدے کا حلف لیتے ہیں؛ یہ وہی وقت ہے جب عدالتِ عظمیٰ کام کے دنوں میں عدالتی کاروائی (سماعت) کے لیے اکٹھی ہوتی ہے۔
ہائی کورٹس کے تین چیف جسٹسوں نے اس ہفتے سپریم کورٹ کالجیم کی سفارش پر مرکز کی جانب سے ان کی ترقی کو منظوری دینے کے بعد سپریم کورٹ کے ججوں کے طور پر حلف لیا۔"سپریم کورٹ کالجیم نے 28 ستمبر 2026 کو ہونے والی اپنی میٹنگ میں ہائی کورٹس کے درج ذیل چیف جسٹسوں کو سپریم کورٹ میں جج کے طور پر ترقی دینے کی سفارش کی ہے،" کالجیم نے سپریم کورٹ کی سرکاری ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردہ ایک بیان میں کہا تھا۔کالجیم کی سفارش پر تیزی سے عمل کرتے ہوئے، مرکز نے پیر کو جسٹس اگروال، اپادھیائے اور سنگھ کی ترقی کو منظوری دے دی۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں، مرکزی وزیر برائے قانون و انصاف ارجن رام میگھوال نے اعلان کیا کہ صدر جمہوریہ نے CJI سوریہ کانت کے ساتھ مشاورت کے بعد تینوں چیف جسٹسوں کو عدالت عظمیٰ کا جج مقرر کیا ہے۔
30جسٹس اگروال اپریل 1966 کو پیدا ہوئے 21 نومبر 2011 کو الہ آباد ہائی کورٹ کے جج کے طور پر تعینات کیا گیا تھا۔ وہ 23 جولائی 2023 کو گجرات ہائی کورٹ کی چیف جسٹس بنیں۔
جسٹس اپادھیائے، جو 16 جون 1965 کو پیدا ہوئے، 21 نومبر 2011 کو الہ آباد ہائی کورٹ کے جج (puisne Judge) مقرر ہوئے اور 6 اگست 2013 کو مستقل جج بنے۔ وہ 28 مارچ 2023 کو الہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ کے سینئر جج بنے۔ انہیں بمبئی ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا گیا اور انہوں نے 29 جولائی 2023 کو حلف اٹھایا؛ بعد ازاں ان کا تبادلہ دہلی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر ہوا جہاں انہوں نے 21 جنوری 2025 کو حلف اٹھایا۔
جسٹس سنگھ، جو7جولائی 1965 کو پیدا ہوئے، 24 جنوری 2012 کو جھارکھنڈ ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج مقرر ہوئے اور 16 جنوری 2014 کو مستقل جج کے طور پر ان کی تقرری کی توثیق ہوئی۔ انہوں نے 20 دسمبر 2022 سے 19 فروری 2023 تک جھارکھنڈ ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس کے طور پر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے 17 اپریل 2023 کو تریپورہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر حلف اٹھایا اور بعد ازاں تلنگانہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر ان کا تبادلہ ہوا، جہاں انہوں نے 19 جولائی 2025 کو حلف اٹھایا۔
تقرریوں سے سپریم کورٹ کی عدالتی طاقت کو مزید تقویت ملے گی، اس سال کے شروع میں مرکز کی جانب سے منظور شدہ ججوں کی تعداد CJI کو چھوڑ کر37 ہو گئی ہے۔






