کور اربن ریجن (کیور) ایکٹ-2026 نافذ ہو گیا ہے، جس نے کور اربن ریجن میں پراپرٹی ٹیکس کی تشخیص، شرحوں، چھوٹ اور جرمانے میں تبدیلیاں لائی ہیں۔سائبرآباد میونسپل کارپوریشن نے کلیدی دفعات کا خاکہ پیش کیا ہے، جس میں اہل چھوٹے گھروں کے لیے ₹101 سالانہ ٹیکس اور غیر مجاز تعمیرات کے لیے پراپرٹی ٹیکس کے 300فیصد تک کے جرمانے شامل ہیں۔
گائیڈ لائن ویلیو کی بنیاد پر نئی پراپرٹیز تخمینہ
نئی تشخیص شدہ جائیدادوں کے لیے، پراپرٹی کی قیمت کا تعین ریونیو (رجسٹریشن) ڈپارٹمنٹ کی جانب سے مقرر کردہ گائیڈ لائن ویلیو کی بنیاد پر کیا جائے گا اور اسی کے مطابق پراپرٹی ٹیکس کا حساب لگایا جائے گا۔جب تک کارپوریشن اپنے نرخوں کو مطلع نہیں کرتی، پراپرٹی ٹیکس رہائشی املاک کے لیے 0.15فیصد، غیر رہائشی املاک کے لیے 0.75فیصد اور خالی اراضی پر 0.50فیصد لگایا جائے گا۔
موجودہ جائیدادوں کو سالانہ اضافے پر10فیصد کیپ
ان جائیدادوں کے لیے جن کے پاس پہلے سے ٹیکس کا تخمینہ موجود ہے، موجودہ اسیسمنٹ کو بنیادی پراپرٹی ٹیکس سمجھا جائے گا۔ اگر گائیڈ لائن ویلیو کا استعمال کرتے ہوئے حساب کیا گیا ٹیکس زیادہ ہے، تو سالانہ اضافہ 10فیصد تک محدود ہو جائے گا، جس سے نظر ثانی شدہ ٹیکس کی ذمہ داری کو بتدریج متعارف کرایا جائے گا۔
2027 سے نئے پراپرٹی ٹیکس پرعمل
جب بھی محکمہ ریونیو گائیڈ لائن ویلیوز پر نظرثانی کرے گا تو پراپرٹی ٹیکس پر بھی نظر ثانی کی جائے گی۔ اس طرح کی نظرثانی سے پیدا ہونے والا کوئی بھی اضافہ اگلے مالی سال 1 اپریل 2027 سے نافذ العمل ہوگا۔
اہل چھوٹے گھروں کے لیے 101 روپئےسالانہ ٹیکس
اہل مالک کے زیر قبضہ رہائشی املاک جن کی پیمائش 375 مربع فٹ سے کم ہے ان پر 101 روپئے کا برائے نام سالانہ پراپرٹی ٹیکس لگے گا۔30 اپریل سے پہلے اپنے پورے سال کا پراپرٹی ٹیکس ادا کرنے والوں کو بھی 5 فیصد چھوٹ ملے گی۔
غیرمجاز تعمیرات پر300فیصد تک جرمانہ
غیر مجاز تعمیرات پر پراپرٹی ٹیکس کے 25فیصد سے 300فیصد تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔کارپوریشن نے وضاحت کی ہے کہ جرمانہ ادا کرنے سے غیر مجاز تعمیرات کو باقاعدہ نہیں بنایا جا سکتا۔
نئی جائیدادوں کے ٹیکس کا اندازہ آن لائن
نئی تعمیر شدہ جائیدادوں کے مالک سائبرآباد میونسپل کارپوریشن کی ویب سائٹ اور مائی کیور ایپ پر آن لائن سیلف اسسمنٹ سہولت کا استعمال کرسکتے ہیں۔جائیداد کی تفصیلات آن لائن جمع کرائی جا سکتی ہیں، جس کے بعد کارپوریشن کے اہلکار معائنہ اور تصدیق کریں گے۔ CURE ایکٹ میونسپل ایڈمنسٹریشن، ٹیکسیشن اور ریونیو، بلڈنگ ریگولیشن، صفائی اور فضلہ کا انتظام، صحت عامہ، سڑکیں اور بنیادی ڈھانچہ اور کور اربن ریجن کے اندر لائسنسنگ کا بھی احاطہ کرتا ہے۔






