Wednesday, November 25, 2026 | 14 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • دہلی میں آلودگی اور سردی کا دوہرا اثر، آنند وہار میں اے کیو آئی 327 ریکارڈ، گھنے کہرے کی وارننگ

دہلی میں آلودگی اور سردی کا دوہرا اثر، آنند وہار میں اے کیو آئی 327 ریکارڈ، گھنے کہرے کی وارننگ

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 25 Nov 2026

دہلی میں آلودگی اور سردی کا دوہرا اثر، آنند وہار میں اے کیو آئی 327 ریکارڈ، گھنے کہرے کی وارننگ

قومی راجدھانی دہلی میں آلودگی اور سردی کی شدت نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے اعداد و شمار کے مطابق آنند وہار اور اکشر دھام کے اطراف ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 327 ریکارڈ کیا گیا، جو ’انتہائی خراب‘ زمرے میں آتا ہے۔ اس کے برعکس انڈیا گیٹ اور کرتویہ پتھ کے علاقوں میں اے کیو آئی 161 رہا، جسے ’درمیانہ‘ قرار دیا جاتا ہے۔

یہ صورت حال اتوار، 25 نومبر سے دیکھی جا رہی ہے۔ محکمۂ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ چند دن شمالی ہندوستان میں موسم زیادہ تر خشک رہے گا۔ سردی میں اضافے کے ساتھ صبح اور رات کے درجۂ حرارت میں مزید کمی کا امکان ہے۔ اس کے پیش نظر بزرگوں اور بچوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے، جبکہ دیگر شہریوں کو بھی غیر ضروری بیرونی سرگرمیوں سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے دہلی، ہریانہ اور چنڈی گڑھ میں 26 اور 27 نومبر کو گھنے کہرے کی وارننگ جاری کی ہے۔ پنجاب میں بھی 25 سے 27 نومبر تک گھنا کہرا چھائے رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

دہلی-این سی آر میں 25 نومبر کو آسمان عموماً صاف رہنے کی توقع ہے، تاہم صبح کے وقت بعض مقامات پر ہلکی دھند اور کہرا چھایا رہ سکتا ہے۔ دہلی میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 24 سے 26 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجۂ حرارت 9 سے 11 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

موسم کی پیش گوئی کے مطابق 27 اور 28 نومبر کو رات کے درجۂ حرارت میں مزید کمی آ سکتی ہے اور کم سے کم پارہ 8 سے 10 ڈگری سیلسیس تک پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ دن کا زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 24 سے 26 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہ سکتا ہے۔

گروگرام میں بھی موسم خشک رہنے کی توقع ہے، جہاں دن کے وقت درجۂ حرارت تقریباً 25 ڈگری اور رات میں 11 ڈگری سیلسیس کے قریب رہ سکتا ہے۔ دہلی، نوئیڈا، غازی آباد، گروگرام اور فریدآباد میں فی الحال بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ آلودگی، سردی اور گھنے کہرے کے اس امتزاج کے باعث دہلی-این سی آر کے شہریوں کو آنے والے دنوں میں احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔