Wednesday, November 25, 2026 | 14 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • یو اے ای : بس اور لاری کا ہولناک تصادم، 13 افرادہلاک، 14 زخمی، ہندوستانی شہری بھی شامل

یو اے ای : بس اور لاری کا ہولناک تصادم، 13 افرادہلاک، 14 زخمی، ہندوستانی شہری بھی شامل

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 25 Nov 2026

یو اے ای : بس اور لاری کا ہولناک تصادم، 13 افرادہلاک، 14 زخمی، ہندوستانی شہری بھی شامل

متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں منگل کی صبح الوطَن روڈ پر پیش آئے ایک سنگین سڑک حادثے میں 13 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ایک مسافر بس، جس میں 41 افراد سوار تھے، سڑک کے کنارے خرابی کے باعث روکی گئی ایک لاری سے زور دار ٹکرائی، جس کے نتیجے میں موقع پر ہی 11 افراد جان سے گئے، جبکہ دو نے اسپتال میں دوران علاج دم توڑ دیا۔

دبئی میں ہندوستانی قونصل خانہ نے تصدیق کی کہ مہلوکین میں ہندوستانی شہری بھی شامل ہیں، تاہم ہلاک شدگان کی صحیح تعداد اور شناخت کی تفصیلات فی الحال جاری نہیں کی گئیں۔ حادثہ منگل کی صبح اس وقت پیش آیا جب مصروف شاہراہ پر چلتی ہوئی بس ڈرائیور کے قابو سے نکل کر کھڑی لاری کے عقبی حصے سے جا ٹکرائی۔ شدید تصادم کے بعد پولیس، ایمبولنس، شہری دفاع اور امدادی عملہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچا اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

حکام نے عینی شاہدین کے بیانات، گاڑیوں کے فنی معائنے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور کہا ہے کہ ابتدائی شواہد کے مطابق رفتار، توجہ میں کمی یا انتباہی علامتوں کی عدم موجودگی ممکنہ عوامل ہو سکتے ہیں، تاہم حتمی رپورٹ تحقیق مکمل ہونے کے بعد جاری کی جائے گی۔

دبئی میں ہندوستانی قونصل خانہ متاثرہ خاندانوں سے رابطے میں ہے اور تدفین، قانونی کاروائی اور دستاویزات میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرا رہا ہے۔ قونصل خانہ نے مدد اور معلومات کے لیے 24 گھنٹے ہیلپ لائن نمبر جاری کیا ہے تاکہ اہل خانہ رہنمائی حاصل کر سکیں۔

راس الخیمہ پولیس نے ڈرائیوروں سے اپیل کی ہے کہ سڑک پر ہنگامی صورت میں گاڑی کو محفوظ مقام پر منتقل کریں، ہیزرڈ لائٹس جلائیں اور انتباہی کونز رکھیں تاکہ پیچھے آنے والی ٹریفک متنبہ رہے۔

حکام نے کہا کہ زخمیوں کا علاج جاری ہے اور ہلاک افراد کی شناخت اور سفارتی کاروائی ضابطے کے مطابق مکمل کی جائے گی۔ واضح رہے کہ نومبر میں یہ دوسرا بڑا حادثہ ہے؛ اس سے قبل فجیرہ میں 23 گاڑیوں کے تصادم میں 14 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوئے تھے، جن میں 4 ہندوستانی شہری شامل تھے۔

ماہرین کے مطابق یو اے ای میں تیز رفتاری، قریب سے گاڑی چلانا اور لین کی خلاف ورزی بڑی وجوہات ہیں، اسی لیے ٹریفک ضوابط کی سخت پابندی حادثات میں کمی کے لیے ناگزیر قرار دی جا رہی ہے۔