Friday, October 09, 2026 | 26 ربيع الآخر 1448
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • دہلی: گیانیش کمار کے خلاف احتجاج سے پہلے سکیورٹی سخت، 57 میٹرو اسٹیشنوں پر پابندی

دہلی: گیانیش کمار کے خلاف احتجاج سے پہلے سکیورٹی سخت، 57 میٹرو اسٹیشنوں پر پابندی

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Md Shahbaz | Last Updated: 09 Oct 2026

 دہلی: گیانیش کمار کے خلاف احتجاج سے پہلے سکیورٹی سخت، 57 میٹرو اسٹیشنوں پر پابندی
چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف 10 اکتوبر کو مجوزہ احتجاج کے پیشِ نظر دہلی میں میٹرو خدمات متاثر ہونے کا امکان ہے۔ دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (DMRC) کو بھیجی گئی تجویز کے مطابق، 57 میٹرو اسٹیشنوں کے داخلی اور خارجی دروازے عارضی طور پر بند کیے جا سکتے ہیں۔ یہ تجویز احتجاج کے دوران ممکنہ طور پر بڑے ہجوم کے جمع ہونے اور سیکیورٹی سے متعلق خدشات کے پیشِ نظر دی گئی ہے۔ دہلی میٹرو پولیس کی جانب سے DMRC کو بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ جمعہ، 9 اکتوبر کی رات 9 بجے سے 10 اکتوبر کو حالات معمول پر آنے تک متعلقہ اسٹیشنوں کے داخلی اور خارجی دروازے بند رکھنے پر غور کیا جائے۔ 
 
اس کے علاوہ ان اسٹیشنوں سے گزرنے والی میٹرو ٹرینوں کی آمدورفت کی فریکوئنسی کم کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ تاہم، اس دوران اسٹیشنوں کے اندر ایک میٹرو لائن سے دوسری لائن میں جانے کے لیے انٹرچینج کی سہولت برقرار رہ سکتی ہے۔ اسٹیشنوں کے دروازے بند کرنے اور ٹرینوں کی تعداد میں کمی سے متعلق حتمی فیصلہ DMRC کرے گی۔
 
تجویز کردہ فہرست میں نئی دہلی، راجیو چوک، مرکزی سکریٹریٹ، جن پتھ، پٹیل چوک، لوک کلیان مارگ، منڈی ہاؤس، بارکھمبا روڈ، آئی ٹی او، دہلی گیٹ، خان مارکیٹ، سپریم کورٹ، اندرا پرستھ، شیواجی اسٹیڈیم اور سیوا تیرتھ (ادیوگ بھون) جیسے اہم اسٹیشن شامل ہیں۔ اس کے علاوہ آئی این اے، حوض خاص، جور باغ، آر کے آشرم مارگ، جھنڈے والا، سرائے کالے خان-نظام الدین، لاجپت نگر، جنگ پورہ، آشرم، کالندی کنج، جسولا، جامعہ ملیہ اسلامیہ، اوکھلا وہار، چاوڑی بازار، جامع مسجد، کرول باغ اور راجندر پلیس بھی فہرست میں شامل ہیں۔
 
شمالی دہلی کے یونیورسٹی، ودھان سبھا، سول لائنز، کشمیری گیٹ، اندرلوک، جی ٹی بی نگر، کنہیا نگر، آزاد پور، آدرش نگر، جہانگیر پوری، حیدر پور بدلی موڑ، مجلس پارک اور شالیمار باغ جیسے اسٹیشنوں پر بھی پابندیوں کی تجویز دی گئی ہے۔ مشرقی اور شمال مشرقی دہلی کے سیلم پور، موج پور، جعفرآباد، ویلکم، جمنا وہار، کھجوری خاص اور شاہدرہ کے علاوہ رٹھالہ، روہنی ایسٹ اور روہنی ویسٹ بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔
 
چونکہ یہ اقدامات فی الحال ایک تجویز کے طور پر بیان کیے گئے ہیں، اس لیے مسافروں کو چاہیے کہ وہ سفر سے پہلے DMRC کے سرکاری اعلانات سے تازہ معلومات حاصل کریں۔ اگر اسٹیشنوں کے داخلی اور خارجی دروازے بند کیے جاتے ہیں تو مسافروں کو متبادل اسٹیشنوں اور راستوں کا انتخاب کرنا پڑ سکتا ہے۔ 10 اکتوبر کے احتجاج کے پیشِ نظر دہلی میں میٹرو اور سڑکوں پر آمدورفت کے انتظامات اہم ہو گئے ہیں۔ حتمی صورتحال کا انحصار DMRC کے فیصلے اور انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر ہوگا۔